• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا:ڈیمو کریٹک پارٹی کی 190سالہ تاریخ میں نیا باب، پہلامسلمان ڈپٹی چیئرمین منتخب

نیویارک (عظیم ایم میاں) امریکا کی سب سے قدیم ڈیموکریٹک پارٹی نے اپنے قیام کی 190سالہ تاریخ میں ایک بالکل نئے باب کا اضافہ کرتے ہوئے امریکی مسلمان کانگریس مین کیتھ ایلی سن کو اپنی سب سے نمایاں اور مؤثر ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی (ڈی این سی) کا متفقہ طور پر ڈپٹی چیئرمین منتخب کرلیا ہے۔ امریکا کی دونوں بڑی سیاسی جماعت قومی سطح پر اتنے اہم عہدہ پر کسی مسلمان کو منتخب ہونے کا یہ پہلا ریکارڈ ہے۔ کیتھ ایلی سن اپنے زمانہ طالبعلمی کے دوران ہی اسلام قبول کر چکے ہیں اور ا پنی ریاست منی سوٹاکی تاریخ میں بھی ریاست کی اسمبلی کے پہلے مسلمان رکن رہ چکے ہیں اور 2007 سے امریکی ایوان نمائندگان کے رکن چلے آرہے ہیں جنہوں نےا پنے عہدے کا حلف بھی قرآن کریم اٹھا کر امریکا میں ایک نئی بحث کو جنم دیا تھا۔ انتخابی شکست کے بعد انتشار اور مسائل کی شکار ڈیموکریٹک پارٹی کو منظم اور متحرک کرنے کیلئےڈیموکریٹک پارٹی کی نیشنل کمیٹی کے چیئرمین اور دیگر کے الیکشن 25 فروری کو اٹلانٹا میں منعقد ہوئے۔ گزشتہ دو ماہ کی انتخابی مہم کے دوران کمیٹی کے چیئرمین کیلئے کیتھ ایلی سن اور صدر اوباما کے دور میں وزیر لیبرٹام پیریز کے درمیان سخت مقابلہ تھا لیکن کیتھ کو قدرے برتری حاصل تھی انہیں اپنی کارکردگی، روابط اور اچھی شہرت کے باعث برنی سینڈرز اور دیگر لبرل حلقوں کی حمایت بھی حاصل تھی اور امریکی میڈیا بھی مثبت تبصرے کر رہے تھے لیکن الیکشن سے ایک روز قبل عالمی شہرت یافتہ امریکی اٹارنی ایلن ڈرشوویٹز نے ایک کھلے خط میں کیتھ ایلی سن کے ماضی میں اسرائیل کے بارے میں بیانات اور سیاہ فام ایلی سن کو چیئرمین منتخب کیا گیا تو وہ ڈیموکریٹک پارٹی سے استعفیٰ دیدیں گے۔  اس خط کے باعث ایک لابی کیتھ کے خلاف متحرک ہو گئی لیکن اس بیان کے اثرات اور پارٹی میں صورتحال کے باوجود کیتھ ایلی سن کی پوزیشن خاصی مستحکم رہی جب الیکشن ہوا تو 435 منتخب ڈیلی گیٹس نے ووٹ ڈالے۔ کیتھ کو 200 او ر ٹام پیریز کو 214 ووٹ پڑے۔ چونکہ منتخب ہونے کیلئے 50 فیصد سے زائد ووٹ لینا لازم ہے لہٰذا دوسری بار ووٹنگ کرانا پڑی تو کیتھ ایلی سن کو 200 اور ٹام پیریز کو 235 ووٹ حاصل ہونے پر ٹام پیریز کو چیئرمین منتخب قرار دیا گیا جب نومنتخب چیئرمین اسٹیج پر آئے تو اپنی جیت کی تقریر سے قبل ہی انہوں نے تمام رولز کو معطل کر کے ایوان میں تجویز پیش کی کہ وہ کیتھ ایلی سن کو ایوان کی تائید سے کمیٹی کا ڈپٹی چیئرمین منتخب کرنے کی تجویز پیش کر رہے ہیں تو ووٹرز سے بھرے ہال نے باآواز بلد تائید کر دی۔ مخالفت کیلئے کہا گیا تو کوئی ہاتھ نہیں اٹھایا اور کیتھ ایلی سن متفقہ طور پر ڈپٹی چیئرمین منتخب ہو گئے دونوں گرمجوشی سے گلے ملے ٹام پیریز اور کیتھ ایلی سن نے پارٹی میں داخلی اتحاد کی اپیل بھی کی۔ ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی اگلے چار سال میں پارٹی کی تنظیم اور دیگر سرگرمیوں کے علاوہ اگلے کنونشن، امیدواروں کی نامزدگی اور دیگر کاموں میں رول انجام دے گی۔
تازہ ترین