• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا ، دو سعودی طالب علموں کی پر اسرار موت

ریاض (شاہد نعیم) امریکا کی ریاست الینوائے کے تیسرے بڑے شہر راک فورڈ میں مقیم دو سعودی طالب علم ہفتے کے روز پراسرار طور پر مردہ پائے گئے۔ راک فورڈ یونی ورسٹی میں زیر تعلیم دونوں طلبہ کی لاشیں کیمپس کے باہر ان کی رہائش گاہ کے قریب ایک گیراج میں اُن کی گاڑی کے ساتھ ملیں۔راک فورڈ یونی ورسٹی میں سعودی طلبہ کلب کے سربراہ فیصل العنزی نےالعربیہ کو بتایا کہ یونی ورسٹی کیمپس کے باہر دو سعودی نوجوان طالب علموں کی موت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ " ہم  اپنے طور سعودی سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ متعلقہ اقدامات سے آگاہ رہیں"۔العنزی نے مزید بتایا کہ دونوں طالب علموں کے نام 24سالہ محمد مفتی اور21سالہ امجد بلخیر ہیں۔ کچھ عرصہ قبل یونیورسٹی میں داخلہ لینے والے دونوں طالب علم نماز کے پابند اور تعلیم کے حصول کی لگن رکھتے تھے۔ میری ان دونوں سے آخری ملاقات اس واقعے کی رات کیمپس کے اندر ہوئی تھی"۔العنزی کے مطابق محمد مفتی بائیولوجی کا طالب علم تھا جب کہ امجد بلخیر کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں زیر تعلیم تھا۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں قتل کے کوئی آثار نہیں ملے جب کہ راک فورڈ شہر کے فائر ڈپارٹمنٹ کا موقف ہے کہ گیراج کے اندر کاربن مونو آکسائیڈ کی سطح بلند ہو گئی تھی۔امریکا میں پیر کی صبح دونوں طالب علموں کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے تاکہ موت کی وجہ معلوم کی جا سکے۔
تازہ ترین