• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپاٹ فکسنگ کرنیوالے کرکٹرز سے تفتیش شروع نام ای سی ایل میں شامل

اسلام آباد/کراچی(نمائندہ خصوصی/اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت پر اسپاٹ فکسنگ میں ملوث تمام کرکٹرز کے نام ای سی ایل میں شامل کردئیے گئے جبکہ وزیرِ داخلہ نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں سے تفتیش کے ساتھ ساتھ بکیز کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔  دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے اسپاٹ فکسنگ ٹریبونل نے پہلی سماعت جمعے کو  لاہور میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور فریقین کو نوٹس کو جاری کردیئے ہیں۔چاروں کرکٹرز کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ حکام  بھی کیس میں پیش ہوں گے۔ وزارت داخلہ میں وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، ایڈوکیٹ جنرل، نادرا، پی ٹی اے، ایف آئی اے اور وزارتِ داخلہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔  ای سی ایل پر ڈالے جانے والے کھلاڑیوں میں شرجیل خان، خالد لطیف، ناصر جمشید، شاہ زیب حسن خان اور محمد عرفان شامل ہیں۔ اسپاٹ فکسنگ کے معاملے پر ایف آئی اے حکام کی جانب سے وزیرِ داخلہ کو بتایا گیا کہ خالد لطیف اور محمد عرفان نے ایف آئی اے کو اپنے بیانات ریکارڈ کرا دیے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑی آج (منگل کو) اپنے بیانات ریکارڈ کرائیں گے۔ وزیر  داخلہ نے پی ٹی اے حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ کرکٹ میں جوا لگانے اور اسکو فروغ دینے والی  تمام ویب سائٹس کو بھی بند کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں۔ چوہدری نثار نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ اسپاٹ فکسنگ معاملے کی ہر پہلو سے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں  تاکہ پاکستان کا نام بد نام کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے اور کسی بھی ملوث شخص کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔دریں اثناء ایف آئی اے حکام نے نادرا بلڈنگ کیس پر اب تک کی پیش رفت سے وزیرِ داخلہ کوآگاہ کیا۔ وزیرِ داخلہ نے ہدایت دی کہ آئندہ نادرا آفسزکے لئے کوئی بھی عمارت کرایے پر حاصل  کرنے کی بجائے اپنی عمارت تعمیر کرنے کو ترجیح دی جائے ۔ وزیرِ داخلہ نے نادرا حکام کو ہدایت کی کہ نادرا کی اپنی عمارتوں کے قیام کے لئے سرکاری زمینوں کی نشاندہی کی جائے اور عمارتوں کی تعمیر کے لئے مرحلہ وار بلڈنگ پلان ترتیب دیا جائے۔ دریں اثناءمعطل ہونے والے کھلاڑیوں کو جو نوٹس جاری کئے ہیں ان میں تحریر کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی شکایت پر کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹریبونل میں اصغر حیدر(چیئرمین)جبکہ اراکین میں لیفٹیننٹ جنرل (ر)توقیر ضیاء اور سابق کپتان وسیم باری شامل ہیں۔پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹریبونل نے کرکٹرز اور پی سی بی حکام کو جمعے کے لئے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔پہلی سماعت جمعے کو صبح ساڑھے گیارہ بجے ہوگی۔ابتدائی سماعت میں کارروائی کا شیڈول اور دیگر معاملات طے ہوں گے۔پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹریبونل کتنے دن میں فیصلہ دے گا۔اس بارے میں ابھی کچھ طے نہیں ہے۔البتہ ٹریبونل جو بھی فیصلہ دے گا۔اس کے خلاف اپیل بھی ٹریبونل ہی میں کی جاسکتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق چیئر مین لیفٹنٹ جنرل توقیر ضیاء نے پیر کو قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں پی سی بی چیئرمین شہریار خان سے طویل ملاقات کی اور ان سے کیس کے مختلف پہلووں پر بات چیت کی۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اینٹی کرپشن یونٹ کے پاس جو شواہد ہیں وہ بھی ٹریبونل میں پیش کئے جائیں گے۔اس کیس کے سلسلے میں آئی سی سی بھی پی سی بی کو مدد اور تکنیکی معاونت فراہم کررہا ہے۔ 
تازہ ترین