• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی نمائندےساتھ دیں ،دنیا پنجاب کی مثالیں دے گی ،شہباز شریف

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ بلدیاتی نظام میں عوام کی فلاح وبہبود پر توجہ دینے کی بجائے اکثر لوگوں نے اپنی تجوریاں بھریں اور اربوں روپے کے ڈاکے ڈال کر پیسہ بیرون ملک بھجوایا لیکن ہمارا بلدیاتی نظام صاف وشفاف ہونے کے ساتھ ساتھ مثالی بھی ہوگا، وزیراعظم نواز شریف بھی اس نظام کی کامیابی کیلئے سنجیدہ اور عوامی نمائندوں کو دستیاب وسائل فراہم کرنے کے حق میں ہیں۔عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہوکر خرچ کی جانے والی اس رقم کا انٹرنل اور ایکسٹرنل آڈٹ بھی کرایا جائے گا۔ بلدیاتی نمائندے میرا ساتھ دیں تو چند برسوں بعد دنیا پنجاب کی مثالیں دے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کرپشن فری اور  معیاری بنانا آپ کی ذمہ داری ہے فنڈز کی کمی نہیں ہوگی ۔وزیراعلٰی نے کہا کہ ہم صوبے میں نوجوانوں کو خالصتاً میرٹ پر نوکریاں دے رہے ہیں جبکہ بینظیر بھٹو کے دور حکومت میں لاکھوں نوکریاں بانٹنے کے باوجود پیپلزپارٹی کو 97میں جو سیٹیں ملیں وہ سب جانتے ہیں، وزیراعلٰی نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کونسل کے چیئرمینوں اور میئرز کے ساتھ ملکر کام کریں اس مقصد کیلئے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے مقامی سطح پر شروع کئے جانے والے پراجیکٹ تکمیل کے مراحل میں ہیں آئندہ چند ماہ میں 3600میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی۔
تازہ ترین