• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جون 2017تک مظفر گڑھ میں تین جوہری پلانٹ کی تنصیب مکمل ہو جائیگی

اسلام آباد (مہتاب حیدر) حکومت نے وزیر اعظم نواز شریف کو 2016-17ء کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) وسط مدتی جائزے سے متعلق مطلع کیا ہے کہ جون 2017ء تک پاکستان اٹامک انرجی کمیشن مظفر گڑھ کے قریب فیز ون میں تین منصوبے مکمل کر لے گا جن میں جوہری پاور پلانٹ کے لئے جگہ کے حصول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔ اٹامک انرجی کمیشن نے تصدیق کی ہے کہ چشمہ جوہری پلانٹ کے یونٹ 4سے بھی جون 2017ء تک 340 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ہم وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق اپریل 2017ء تک سی 4کو آپریشنل کر دیں گے۔ پی ایس ڈی پی کے وسط مدتی جائزے کی ایک کاپی دی نیوز کو بھی موصول ہوئی ہے۔ یہ جائزہ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے وزیراعظم کے دفتر کو ارسال کی گئی ہے۔ جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل نے اجلاس کو بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی کھدائی کے نرخوں میں کمی کے باعث مقررہ تخمینہ میں 4کے بجائے 5کھدائیاں خریدی جائیں گی اور اس ضمن میں وزارت پٹرولیم کو ہدایت کر دی گئی ہے۔مظفر گڑھ کے قریب جوہری پلانٹ کی تنصیب کے متعلق اٹامک انرجی کمیشن نے اجلاس کو بتایا کہ ایک ارب67کروڑ روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ جون2017ء تک مکمل کرلیا جائیگا، دیگر دو منصوبے جن میں لاڑکانہ انسٹیٹیوٹ آف نیو کلیر میڈیسن43کروڑ30لاکھ روپے کی لاگت سے جون 2017ء میں مکمل ہو گا اور ملتان انسٹیٹیوٹ آف نیو کلیر میڈیسن نشتر میڈیکل کالج ملتان 89کروڑ60لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کر لیا جائیگا۔ پراجیکٹ ونگ کے نما ئند و ں نے نشاندہی کی کہ جیولوجیکل سروے آف پاکستان کیلئے کام کرنے میں خاصی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور سٹاف کی بھی کمی ہے۔ یہ بات نوٹ کی گئی کہ منصوبہ بندی ڈویژن کے بعض پراجیکٹ بدستور منصور شدہ نہیں، سیکرٹری نے تمام پراجیکٹ ڈائریکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پی سی ون جمع کرائیں تا کہ ان پراجیکٹ کی منظوری دی جا سکے۔ پورٹس اینڈ شپنگ ڈویژن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بجٹ کی تخصیص نو کر ے تا کہ مہران ہائی وے فیز تھری کیلئے اضافی2کروڑ40لاکھ روپے کی ضرورت پوری کی جا سکے۔پی ایس ڈی پی کے وسط مدتی جائزہ اجلاس میں ریلوے ڈویژن نے بتایا کہ راستوں اور وسائل کی عدم فرا ہمی کی باعث دوسری سہ ماہی میں تاخیر ہے۔ اس سہ ماہی میں خانیوال سے رائیونڈ تک ٹریک کو دبل کرنا تھا۔ اس ضمن میں نظر ثانی شدہ پی سی ون وزارت منصوبہ بندی کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ ریلوے ڈویژن نے 16ارب روپے کا اضافی فنڈ بھی طلب کیا۔ وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی گئی کہ وہ کوئٹہ میں حاجیوں کی تربیت کیلئے کوئٹہ میں ہال تعمیر کرنے کے بجائے کوئی عمارت کرایہ پر حاصل کر ے۔
تازہ ترین