• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی ایوارڈز،مصباح کو اسپرٹ آف کرکٹ ٹرافی دینے کا فیصلہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستا ن کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کی خدمات کے اعتراف میں انہیں اسپرٹ آف کرکٹ ٹرافی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔مصباح الحق کا بے داغ اور غیر متنازع کیریئر ویسٹ انڈیز کی سیریز کے ساتھ ہی ختم ہورہا ہے۔ انہیں امتیاز احمد ٹرافی کے ساتھ پانچ لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔ جبکہ کرکٹر آف دی ایئر کے لئے اسٹار بیٹسمین اظہر علی اور ایمر جنگ کرکٹر آف دی ایئر کے لئے لیگ اسپنر شاداب خا ن مضبوط امیدوار ہیں۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق تمام ایوارڈ 9مئی کو پی سی بی کی سالانہ جنرل کونسل میٹنگ کے دوران دیئے جائیں گے ۔تقریب کے وقت مصباح الحق، اظہر علی اور شاداب خان ٹیسٹ سیریز کے لئے ویسٹ انڈیز میں ہوں گے۔ پی سی بی ماضی کے عظیم بیٹسمین امتیاز احمد کے نام سے منسوب اسپرٹ آف کرکٹر ایوارڈ متعارف کرایا ہے۔ ایوارڈ کمیٹی میں گورننگ بورڈ کے رکن پروفیسر اعجاز فاروقی ،امپائر احسن رضا اور میچ ریفری انیس الرحمن شامل ہیں۔کمیٹی کی گذشتہ ہفتے میٹنگ لاہور میں اعجاز فاروقی کی سربراہی میں ہوئی جس نے مصباح الحق کو اس ایوارڈ کے لئے نامزد کیا۔ پی سی بی چیئر مین شہریار خان نے بھی مصباح کے نام کی منظوری دے دی ہے۔ کرکٹر آف دی ایئر کے لئے سلیکشن کمیٹی نے اظہر علی، بابر اعظم، سرفراز احمد، یاسر شاہ اور شعیب ملک کے ناموں کی سفارش کی ہے۔ جبکہ سلیکٹرز ہی نے ایمرجنگ کرکٹرز آف دی ایئر کے لئے شاداب خان، حسن علی اور امام الحق کے نام تجویز کیے ہیں ۔ شکیل شیخ، مدثر نذر اور سبحان احمد پر مشتمل کمیٹی  کھلاڑیوں کے نام کو حتمی شکل دے گی۔ پی سی بی نے پہلی بار سال میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں کے لئے ایوارڈز کا اعلان کیا ہے۔
تازہ ترین