• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کا آج آغاز، میزبان ٹیم کا اضافی اسپنر کھلانے کا امکان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان نے ویسٹ انڈین سر زمین پر کبھی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی ہے۔مصباح الحق اپنی آخری سیریز کو یادگار بنانے کے لئے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ جیتنا چاہتے ہیں۔کنگسٹن جمیکا میں پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو سات وکٹ سے شکست دی تھی۔اتوار سے ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کنگزنگٹن اوول برج ٹاون بارباڈوس میں ہورہا ہے۔پاکستان سیریز میں ایک صفر کی برتری کے ساتھ میدان میں اترے گا۔بارباڈوس کی پچ عام طور پر پیس بولروں کے لئے ساز گار ہوتی ہے لیکن پچ ڈرائی ہے اس لئے امکان ہے کہ پاکستان ایک اضافی اسپنر محمد اصغر کو میدان میں اتار سکتا ہے۔تاہم حتمی الیون کا فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ان ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہےاور ویسٹ انڈیز کو ہرانے کے لئے پرعزم ہے۔۔میری کوشش ہوگی کہ اگلے دونوں ٹیسٹ جیتے جائیں۔ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم میزبان ٹیم کو دوسرے میچ میں بھی شکست دیکر سیریز 2-0 سے اپنے نام کریگی تاہم انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے ٹیم کو اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنا ہوگا بلکہ اس میں مزید بہتری لانا ہوگی۔ اس سے قبل پاکستان کی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو چار ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں 3-1 سے شکست دی جبکہ تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی۔ شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 10 مئی سے شروع ہوگا۔
تازہ ترین