• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی کمیشن کی ڈی جی رینجر ز کو ملیر ندی کے اطراف چوکیاں بنانیکی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کی ہدایت پر سندھ بھر میں پینے کے پانی کے منصوبوں کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے قائم کیے جانے والے عدالتی کمیشن نے ڈی جی رینجر ز کو ملیر ندی کے اطراف چوکیاں بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ ہفتے کو ڈی آئی جی شرقی نے کمیشن کے سربر اہ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کو بتایا کہ ملیر ندی سے ریتی بجری کی چوری کی روک تھام کے لیے عدالتی حکم پر تین پولیس ناکے لگا دیے گئے ہیں تاہم پولیس اور رینجرز کی تین چوکیاں قائم کرنے کے لیے وقت درکار ہے جس پر کمیشن نے سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی رینجرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6مئی تک جواب داخل کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔ دریں اثنا ء کمیشن نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک جوڈیشل مجسٹریٹ کو تعینات کریں جو  ملیر ندی سے ریتی بجری کی چوری کے حوالے سے مسلسل نظر رکھے اور اچانک دورے کر کے حالات کا جائزہ لے اور رپورٹ عدالت کے روبرو پیش کرے ، کمیشن نے آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی شرقی کو ہدایت کی ہے کہ وہ مذکورہ جوڈیشل مجسٹریٹ کو مکمل سیکورٹی فراہم کریں۔
تازہ ترین