• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونائٹیڈ ٹیچرز کونسل کااحتجاجی مظاہرہ، اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا مطالبہ

لاہور( خبر نگار ) یونائیٹڈ ٹیچرز کونسل لاہور نے ایجوکیشن کمپلیکس ہال روڈ میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ جس میں سکول اساتذہ نے شرکت کی۔ مظاہرین سے اللہ رکھا گجر صدر پی ٹی یو، محمد اشفاق صدر ،میونسپل ٹیچرز یونین ، رشید احمد بھٹی صدر ،ہیڈ ماسٹرز ایوسی ایشن ، کاشف شہزاد چوہدری وحید مراد یوسفی سینئر نائب صدر ،پی ٹی یو، محمد اختر صدر، یوٹی سی اور طارق محمود کنوینئر یونائیٹڈ ٹیچرز کونسل پنجاب نے خطاب کیا۔ رہنمائوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پرائمر ی سکول ٹیچر کو سکیل 14، ایلیمنٹری سکول ٹیچرز سکیل 16 اور سیکنڈری سکول ٹیچرز کی سکیل 17 میں اپ گریڈیشن کے برعکس صوبائی کابینہ نے صرف پرائمری سکول ٹیچرز کے لیے سکیل 12 کی منظوری دی ہے ۔جسے اساتذہ پنجاب مسترد کرتے ہیں۔ حکومت پنجاب اساتذہ کے ساتھ غیر منصفانہ امتیازی سلوک کر رہی ہے جس سے اساتذہ میں حکومت کے خلاف بے چینی بڑھ رہی ہے۔ دوسرے صوبو ں میں کم تعلیمی قابلیت پر پنجاب کے اساتذہ سے زیادہ بڑے سکیل دئیے جارہے ہیں۔ اگر حکومت پنجاب نے چار لاکھ سے زائد اساتذہ کے ساتھ دوسرے صوبوں کے مساوی سلوک نہ کیا تو اساتذہ کی ناراضگی مہنگی پڑے گی۔ کئی کئی سال سے اساتذہ کی پروموشن ،پے پیکج وغیرہ سرخ فیتے کے شکار ہیں۔ موجودہ حکومت انہیں دوسرے درجے کا شہری سمجھتی ہے۔ ہزاروں اساتذہ پر غیر منصفانہ انکوائریز لگادی گئی ہیں۔ سکولوں کی پیف اور دانش کے ذریعے نجکاری کی جارہی ہے ۔ اربوں روپے کے خسارے والے اداروں کی تو حکومت نجکاری کر نہیں پاتی لیکن تعلیمی ادارے پرائیویٹ سیکٹر کو دیئے جا رہے ہیں۔ اساتذہ رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ تمام کیٹیگری کے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کی جائے۔ نجکاری ختم کی جائے۔ کئی سالوں سے رکی ہوئی پروموشن کی جائے۔ بلاجواز انکوائریز ختم کی جائیں اور بجٹ میں تمام ایڈھاک ریلیف ضم کرکے متناسب اضافہ کیا جائے
تازہ ترین