• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں آن لائن تجارتی حجم 2020تک 20ارب ڈالر ہونیکا امکان

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن اور پی ٹی اے کے چیئرمین ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں آن لائن تجارت کا حجم 2020ءمیں 20 ارب ڈالر ہو جائے گا، پاکستان میں آئندہ سال کے وسط میں فائیو جی ٹیکنالوجی کیلئے آزمائشی تجربات کئے جائیں گے، دارالحکومت میں اگست تک 7 سکولوں میں طلباءو طالبات کو آئی ٹی کی مہارت سے لیس کرنے کیلئے کمپیوٹر تعلیم کے پروگرام سے لیبارٹریز کام کا آغاز کر دیں گی، بلوچستان میں یونیورسل فنڈز سروس کے تحت آخری تین ٹیلی کام منصوبوں کی منظوری دےدی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مقامی ہوٹل میں ٹیلی کام کانفرنس 2017ءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمن نے کہا کہ میں نے لوگوں کی تنقید اور ٹیلی کام کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کو بھلا دیا اور صرف کام پر توجہ دی، دنیا نے ہمارے کام کو سراہا اور ہمیں عالمی ایوارڈ سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل معاہدہ کیا گیا، وزیراعظم نے چین کی کمپنی علی بابا کے ساتھ اپنے حالیہ دورہ کے موقع پر یہ معاہدہ کرکے ثابت کردیا ہے کہ ان کا ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے وژن کشادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تھری جی، فور جی کے بعد اب ہم نے دنیا کے برابر 2020ءمیں فائیو جی ٹیکنالوجی پاکستان کے صارفین کیلئے متعارف کرانے کیلئے تیاری شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ساڑھے تین سال میں تھری جی، فور جی کے کئی سپیکٹرم کی تیاری کو عملی جامہ پہنایا جبکہ اس سے قبل سات سالہ دور میں ایک بھی سپییکٹرم کی نیلامی نہیں کی گئی۔ انوشہ رحمن نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم نواز شریف کے وژن کے مطابق اپنے بچوں کو روشن اور محفوظ مستقبل فراہم کرنا ہے۔ یہ روشنی ملک بھر میں ڈیجیٹل منصوبوں کی تکمیل سے آئے گی اور ملک کو اقتصادی و معاشی میدان کے ساتھ دوسری جہتوں میں بھی استحکام ملے گا۔
تازہ ترین