• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکاٹش لیبر نے ایبرڈین میں اپنے تمام9کونسلرز کو معطل کردیا

گلاسگو (نمائندہ جنگ) سکاٹش لیبر پارٹی نے ایبرڈین میں اپنے تمام9کونسلرز کو معطل کردیا۔ لیبر پارٹی کے ان کونسلرز نے پارٹی کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی سے درخواست کی تھی کہ وہ لوکل کونسل میں کنزرویٹو پارٹی کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنانا چاہتے ہیں، لیکن پارٹی نے اسے مسترد کردیا۔ اس کے باوجود لیبر ممبران نے کنزرویٹو اور تین آزاد ممبران کے ساتھ مل کر حکومت بنالی۔ پارٹی کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی نے خلاف ورزی کرنے والے ممبران کو حکم دیا کہ وہ جمعرات کو شام5بجے تک اس اتحاد سے علیحدہ ہوجائیں۔ ورنہ تادیبی کارروائی کے لیے تیار رہیں۔ گزشتہ ماہ ہونے والے الیکشن میں سکاٹش نیشنل پارٹی جو ایوان میں سب سے بڑی پارٹی تھی۔ اس نے نئے انتظامات کی مذمت کرتے ہوئے اس کو شرمناک قرار دیا ہے۔ لیبر پارٹی کے برنی کراکٹ لارڈ پرووسٹ جبکہ کنزرویٹو پارٹی کے ٹام مین ڈپٹی لارڈ پرووسٹ بنے ہیں، لیبر پارٹی سکاٹ لینڈ کی لیڈر کیزیہ ڈگمڈیل نے کنزرویٹو پارٹی کے ساتھ اتحاد کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لیبر پارٹی اپنی مخصوص اقدار کا ہمیشہ احترام کرتی ہے۔ ہم کسی ایسی پارٹی کے ساتھ ایسا اتحاد نہیں بناسکتے جس کے نتیجے میں عوام کے لیے مزید کٹوتیاں کی جائیں۔
تازہ ترین