• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاری میں مقابلہ، پولیس کی فائرنگ سے لاڈلہ گروپ کے 3 کارندے ہلاک

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لیاری میں مبینہ پولیس مقابلے میں بابا لاڈلہ گروپ کے 3 اہم گینگسٹرز مارے گئے ۔تفصیلات کے مطابق چاکیواڑہ تھانے کی حدود لیاری رانگی واڑہ کے کھنڈر ایریا میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ گینگ وار کارندے وہاں موجود ہیں جو کہ عید سے قبل علاقے میں دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ،مذکورہ اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ،پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہو ئے 3ملزمان کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف 2پستول برآمد کرلی ۔ پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں ملزمان کی شناخت گل حسن عرف لعل سائیں ،انس عرف لنگڑااور شہزاد عرف شکر کے نام سے کی گئی جو کہ لیاری کے رہائشی تھے ۔پولیس نے مزید بتایا کہ ہلاک ملزمان کا تعلق گینگ وار کمانڈر بابا لاڈلہ گروپ سے تھا اور بابا لاڈلہ کے مارے جانے کے بعد تینوں لیاری میں زاہد لاڈلہ کے ساتھ سرگرم تھے۔ پولیس کے مطابق ملزمان لیاری کے تمام تھانوں کی پولیس کو قتل ،اقدام قتل،ڈکیتی،بھتہ خوری ،اغوا برائے تاوان ،پولیس پر حملوں کے ساتھ درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔

تازہ ترین