• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرآن پاک نبی کریمﷺ کا زندہ جاوید معجزہ ہے، قاضی عبدالعزیز

لوٹن (پ ر) شب قدر اللہ تعالیٰ کی رحمتوں، برکتوں، نوازشات و مغفرت کی وہ مقدس و بابرکت رات ہے جس کے ہر لمحہ اور ہر ساعت میں بخشش و مغفرت کی نوید سنائی جاتی ہے۔ اسے شب قدر اسی لیے کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اس میں ایک بڑی قدر و منزلت والی کتاب کو بڑی قدر و منزلت والے رسول اور بڑی قدر و منزلت والی امت کے لیے نازل فرمایا۔ قرآن پاک نبی کریم ﷺکا سب سے بڑا اور زندہ جاوید معجزہ ہے جو پوری انسانیت کو ہدایت و رہنمائی کی منزل دکھاتا ہے۔ اسی بابرکت رات کو اللہ کریم نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے ارض مقدس عطا کی، تاکہ اس میں اسلام اور قرآن کے نظام کو نافذ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار خطیب ملت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی جنرل سیکرٹری مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ و بانی و مہتمم جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن نے سالانہ جشن نزول قرآن کے ایک بڑے اجتماع سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولائے کائنات سیدنا علی شیرخدا رضی عنہ نے اپنے ایک خطبہ میں قرآن کی عظمت کے حوالے سے ارشاد فرمایا کہ اللہ نے اپنے رسول پر ایک ایسی کتاب اتاری جو نور ہے اور ایسا نور جس کی قندیلیں کبھی گل نہیں ہوں گی۔ قرآن ایک ایسا دریا ہے جس کی تہہ تک کبھی رسائی نہیں ہوسکتی۔ قرآن ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو حق اور باطل میں تمیز کرتا ہے۔ قرآن مومنوں کے لیے شفا بھی ہے اور سراپا رحمت بھی، قرآن عزت اور غلبہ کا نام ہے اس کے ساتھ چلنے والے کبھی بھی شکست نہیں کھاتے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے سال بھر کی برکتیں رمضان میں رکھ دی ہیں اور رمضان کی تمام برکتوں کا جوہر اس ماہ مبارکہ کے آخری عشرہ میں رکھ دیا ہے اور آخری عشرہ کے انوار و برکات کا عطر شب قدر میں رکھ دیا ہے۔ لہٰذا اس رات میں عبادت و ریاضت اور اعمال صالحہ، صدقہ و خیرات کرکے اللہ تعالیٰ اور اس کے محبوب کریمﷺ کا قرب حاصل کرکے اپنی دنیا اور آخرت سنوارنا چاہیے۔ نزول قرآن کی شب امن، چین، سکون قلبی کا سامان مہیا کرتی ہے اور طلوع فجر تک نہ صرف رحمت کے فرشتوں بشمول روح الامین کا نزول جاری رہتا ہے اور اللہ کریم کے انوار و تجلیات کی برسات بھی ہوتی ہے۔ قاضی عبدالعزیز چشتی نے کہا کہ قرب قیامت کے آثار نمودار ہونا شروع ہوگئے ہیں اور یہ دور فتنوں کا دور ہے۔ آقا کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام پیشگوئیاں ایک ایک کرکے پوری ہورہی ہیں، ہم سب تجدید عہد کریں کہ ان فتنوں کے سدباب کے لئے اپنا تعلق قرآن سے جوڑیں۔ جشن نزول قرآن کا آغاز قاری محمد کامران اور حافظ محمد شعیب کی تلاوت سے ہوا۔ سابق میئر کونسلر محمد ریاض بٹ، کونسلر راجہ محمد اسلم، ملک محمد اکرم، صاحبزادہ قاضی ضیاء المصطفی چشتی، محبوب خان، راجہ مظفر اقبال، ڈاکٹر ذوالفقار احمد، چوہدری عبدالغفور اور دیگر نے بھی اظہار خیالات کیا۔ آخر میں علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نےامت مسلمہ کے لیے اجتماعی دعا کی۔

تازہ ترین