• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حب ڈیم میں پانی کا لیول آخری سطح پر آگیا، شہر میں پانی کا بحران ،عید پر لوگوں کو شدید مشکلات

کراچی (طاہر عزیز/اسٹاف رپورٹر) عیدالفطر پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ شہریوں کو پانی کی فراہمی میں ناکام رہا۔ حب ڈیم میں پانی کا لیول آخری (ڈیڈ) سطح پر آگیا۔ ڈیم سے کراچی کیلئے سپلائی مزید 15 سے20 دن جاری رہ سکے گی شہر کو اس وقت شدید بحران کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عیدالفطر کی چھٹیوں میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ شہریوں کو پانی کی فراہمی میں ناکام رہا شدید گرم موسم میں لوگ نلوں کے ذریعے پانی کو ترستےرہے۔ٹینکروں کے ذریعے بھی ضروریات کو پورانہ کیا جا سکا اس طرح محکمہ بلدیات اور واٹر بورڈ خاطر خواہ اقدامات کرنے میں ناکام رہا۔ شہر کے تقریباًعلاقوں کو پانی کی قلت کا سامنا رہا اور لوگ پانی کی تلاش میں سرگرداں رہے۔ ایم ڈی واٹربورڈ کی جانب سے عید کے موقع پر ٹینکر سروس کی اعلان کردہ پالیسی پر مکمل عملدرآمد نہ ہو سکا اور لوگ مہنگے داموں پرائیویٹ ٹینکر خریدنے پر مجبور رہے خاص کر شدید گرمی میں پانی نہ ملنےپر شہری کافی پریشان نظر آئے ان کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں لائنوں کے ذریعے پانی سپلائی ہوتا ہے اس کاناغہ بڑھ گیا اور پانی کی مقدار بھی بہت کم رہی جس سےانہیں عید کے موقع پر شدید مشکلات رہی۔ واضح رہے کہ کراچی میں اس وقت شاید ہی کوئی ایسا علاقہ ہو جہاں لوگ بورنگ کےذریعے زیر زمین ناقص پانی استعمال کرنے پر مجبور نہ ہوں۔ ایک اندازے کے مطابق اس وقت کراچی میں 30سے 35 فیصد گھروں میں بورنگ ہو چکی ہے اور زیرزمین پانی کا لیول دن بدن مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نےپانی کی سپلائی کو بہتر بنانے کیلئے عید کے دن دورے ضرور کئے لیکن اس کا شہر میں خاطرہ خواہ اثر کہیں دکھائی نہ دیا اور لوگ پریشان رہے حب ڈیم جہاں سے کراچی کو 100ایم جی ڈی پانی سپلائی کیا جاتا تھا کچھ عرصہ قبل یہاں سے 70 سے80 ایم جی ڈی کی سپلائی ہو رہی تھی مزید بارش نہ ہونے اور ذخیرہ آب مسلسل کم ہونے کی وجہ سے ڈیم کا لیول اب279 فٹ پر آگیا ہے اور اب ڈیم سےکراچی کو سپلائی بغیر کسی گیٹ یا کنٹرول کے ہو رہی ہے جو صرف 15 سے 17 ایم جی ڈی ہے۔ شہر کو اس وقت دریائے سندھ سے 480 سے 490 ایم جی ڈی کی سپلائی رہ گئی ہے جو کہ ڈھائی کروڑ کی آبادی کیلئے انتہائی کم ہے اس وقت ضلع غربی کے تمام اور بقیہ اضلاع کے آخری سروں کے علاقوں میں پانی کی شدید قلت پید ا ہو گئی ہے چیف انجینئر بلک اویس ملک نے جنگ کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اگر بارش نہ ہوئی تو حب ڈیم سےگزشتہ سال کی طرح پمپوں کے ذریعے پانی سپلائی کا منصوبہ زیر غور ہے۔ انہوں نےمزید بتایا کہ ضلع غربی کے علاقوں میں اب دریائے سندھ کا پانی نارتھ ایسٹ کراچی پمپنگ اسٹیشن کی لائن سےسپلائی 70سے80ایم جی ڈی ہفتےمیں چار دن سپلائی کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین