• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مون سون پیشگی اطلاع ،حفاظتی اقدامات نہ کرناافسوسناک ہے،مصطفیٰ کمال

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) چیئرمین پاک سر زمین پار ٹی سید مصطفیٰ کمال نے ملک بھر میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر دکھ و افسوس کا اظہارکرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کی فوری بحالی اور امداد کا انتظام کیا جائے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کی پیشگی اطلاعات کے باوجود پورے ملک میں حفاظتی اقدامات نہیں کئے گئے جو قابل مذ مت ہے ،پورے ملک میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصانات سے مستقل طور پر بچنے کے لئے مؤثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی، صوبائی اور شہری حکومتیں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کو سیاسی مقاصد کےلئے استعمال نہ کریں اور فوٹو سیشن کے بجائے عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بروقت انتظامات کر کے اپنے فرائض کی انجام دہی کریں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی ممکن ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کے باعث ندی، برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے جس کی وجہ سے گھروں، دفاتر، اسپتالوں اور عبادتگاہوں میں پانی داخل ہوگیا ہے اور عوام حکومتی و انتظامی نا اہلی کی وجہ سے اپنی مدد آپ کے تحت ریلیف کے کام کرنے پر مجبور ہیں ، بیشتر دیہی علاقوں میں زندگی کا پہیہ جام ہوکر رہ گیا ہے اور شہری علاقوں میں بھی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔

تازہ ترین