• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپریشن خیبر4 جاری، 90 مربع کلومیٹر علاقہ کلیئر، 13 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید

Todays Print

راولپنڈی (اے پی پی) سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن خیبرفور میں اب تک 13دہشت گرد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے ہیں جبکہ شدت پسندوں کے کئی ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ‘ علاقے میں فورسزکی پیش قدمی جاری ‘کئی بارودی سرنگوں  کو برآمدکرکے ناکارہ بنادیاگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق آپریشن خیبرفور کے ضمن میں منصوبے کے مطابق پیش رفت جاری ہے اور مختلف اطراف سے فوجیوں جن میں اسپیشل سروسز گروپ کے فوجی بھی شامل ہیں، نے پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے 90مربع کلومیٹر کے علاقے کو کلئیر کردیا ہے اور اب دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہاہے۔

بیان کے مطابق  پاک فوج کے انجینئرز کی انسداد آئی ای ڈیز ٹیموں نے دہشت گردوں کی طرف سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں کی نشاندہی کی اور انہیں برآمد کر کے ناکارہ بنایا۔پاک فضائیہ، آرمی ایوی ایشن اورتوپخانے کی مدد سے مبنی برہدف کارروائیوں میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا۔

بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عبدالجبار نے اپنی جان مادر وطن پر نچھاورکردی۔بیان کے مطابق آپریشن ردالفساد کے حصے کے طور پرآپریشن خیبرفور جاری ہے۔

تازہ ترین