• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2018انتخابات،بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرینگے،مصطفیٰ کمال

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان متحدہ قائد کا سیاسی ونگ ہے، پی ایس پی 2018 انتخابات میں بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔ گزشتہ روز مرکزی دفتر پاکستان ہائوس میں پاک سرزمین پارٹی کے انتخابی نشان ’ڈولفن‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی بتدریج بڑھنے والی جماعت ہے جس میں ہر روز لوگ شامل ہو رہے ہیں، پاک سرزمین پارٹی ایک رات میں یا چند دنوں میں پاکستان کی بڑی عوامی جماعت نہیں بنی بلکہ کئی مراحل طے کئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اب تک ہمارے چار کارکنان کو شہید کیا جا چکا ہے ،ہمارے دو کارکنان کو قصبہ علی گڑھ کے علاقے میں شہید کیا گیا کارکنان کی شہادت پر بھی ہم نے صبر کیا اور کارکنان کومشتعل ہونے سے روکاہم کبھی ہتھیاروں اور قتل و غارتگری کی سیاست نہیں کریں گے۔ صدر انیس قائم خانی نے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے کہ یہ دو لوگوں کی پارٹی ہے یہ واپس چلے جائیں گے آج ان کا باب بند ہو گیا اورڈولفن کا انتخابی نشان پاک سر زمین پارٹی کے کارکنان کے لئے اللہ کا تحفہ ہے ۔ سینئر وائس چیئر مین ڈاکٹر صغیر احمد نے کہاکہ ہمارا انتخابی نشان انسان دشمن نہیں انسان دوست ہے اورڈولفن کا نشان بھٹکے ہوئے انسانوں کو صحیح راہ دکھاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی ایس پی بننے سے مینڈیٹ تقسیم نہیں ہوا بلکہ ابھی تو مینڈیٹ تمہارے پاس ہے اورلوگ تمہیں مسلسل نظر انداز کررہے ۔ سینئر وائس چیئر مین انیس ایڈوکیٹ نے کہاکہ 2018 میں شکست خوردہ عناصر کو گھر تک پہنچائیں گے ۔ وائس چیئر مین اشفاق منگی نے کہاکہ پی ایس پی آئندہ الیکشن میں پورے ملک سے حصہ لے گی اور اللہ کی مدد سے کامیابی سے ہمکنار ہو گی ۔ تقریب میں وائس چیئر مین وسیم آفتاب ، افتخار رندھا سمیت دیگر ذمہ داران وکارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تازہ ترین