• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شریف خاندان کوصفائی کیلئے مناسب وقت دیا گیا‘ وجیہہ الدین

لاہور (این این آئی )عام لوگ اتحاد کے سربراہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ شریف خاندان کو اپنی صفائی پیش کرنے کیلئے مناسب وقت دیا گیا ،سپریم کورٹ سمیت تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کا م کررہے ہیں ،اگر پانامہ کیس میں معاملہ نیب کو بھجوایا گیا تو اس میں کسی کیخلاف درخواست ملنے کی صورت میں اس کی جانچ کیلئے اپنائے جانے والے روایتی طریق کار کی بجائے چیئرمین نیب کو براہ راست ریفرنس بھیجنے کا کہاجا سکتا ہے۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اس کے ساتھ سپریم کورٹ پارلیمنٹ کو ایک ریفرنس بھیجے کہ احتساب کے نظام کو مزید بہتر کیا جائے اور احتساب کے تمام تر اداروں کو مزید مضبوط کیا جائے تاکہ آئندہ ایسا مسئلہ درپیش نہ آئے کیونکہ تمام تر تحقیقات کرنا یا کرانا سپریم کورٹ کا کام نہیں بلکہ یہ کام احتسا ب کے اداروں کا ہے ۔

بد قسمتی سے ان اداروں میں سیاسی اثر و رسوخ کا عمل دخل ہے جس کے باعث یہ اپنا کام احسن طریقے سے سر انجام نہیں دیتے ۔انہوں نے کہا کہ اب یہ کام بند ہونا چاہیے اورپاکستان کے تما م اداروں کو آزاد اور خود مختار ہونا چاہیے ۔ایک سوال کے جواب میں جسٹس (ر) وجیہہ الدین کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوگا کہ کسی شخصیت کو فوری جیل بھجوا دیاجائے بلکہ پہلے ٹرائل ہوگا پھر دوسرے کام ہوں گے ۔

تازہ ترین