• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون اور ایک شخص کی لاشیں ملیں،دیگر واقعات میں 5افراد جاں بحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مختلف علاقوں میں  ٹریفک حادثات اور واقعات میں3افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ قصبہ کالونی اور پہلوان گوٹھ سے خاتون اور ایک شخص کی لاشیں ملیں،تفصیلات کے مطابق لیاری میراں ناکہ میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 30سالہ رشیدہ زوجہ راحت حسین جاں بحق  ہوگئی، کارساز کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 20 سالہ نبیل ولد ندیم  شاہ، قائد آباد پل پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 24 سالہ محمد عبدالرسول موقع پر جاں بحق ہوگیا، کلاکوٹ کے علاقے لیاری چاکیواڑھ ناگمان مسجد میں نماز ظہر کی ادائیگی کیلئے جانے والا نمازی 34 سالہ طارق ولد نبی بخش مسجد کی سیڑھیوں سے گر کر موقع پر جاں بحق ہوگیا، ، لیاری موسیٰ لین میں واقع ہجانی بلڈنگ کی چھت پر کام کرنے کے دوران جاں بحق ہوگیا، علاوہ ازیں پیرآباد تھانے کی حدود قصبہ کالونی سے متصل مسلم آباد نمبر 2 جامع مسجد عمر فاروق کے قریب گھر سے اتوار اور پیر کی درمیانی شب  20 سالہ نسرین زوجہ شیرعباس  کی لاش ملی ، متوفیہ  کا آبائی تعلق پشاور سے تھا اور وہ اپنے شوہر اور دو بچوں کے ساتھ مذکورہ گھر میں رہائش پذیر تھی ، پولیس نے بتایا کہ مقتولہ کو اسکے شوہر نے گھریلو جھگڑے کے دوران تشدد کرنے کے بعد چھریوں کے پے در پے وارکرکے قتل کیا اور واقعہ کے بعد سے فرار ہے ، گلستان جوہر تھانے کی حدود پہلوان گوٹھ میں گھر سے 32سالہ شہریار ولد عادل  کی لاش ملی  جس کو قانونی کارروائی کیلئے قریبی اسپتال پہنچایا گیا، پولیس نے بتایا کہ متوفی نے سر پر کچن میں موجود فرائی پین سے  وار کیا  گیا جس کی وجہ سے اسکا سر پھٹ گیا اور خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے وہ جاں بحق ہوگیا۔

تازہ ترین