• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے شہریوں نے عالمی سطح پر وطن عزیز کا نام روشن کیا، عمار ملک

لندن (وقار زیدی) پاکستان ہائی کمیشن لندن کے فرسٹ سیکرٹری اور ویلفیئر اتاشی عمار ملک نے پاکستان کی سترویں یوم آزادی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیار غیر میں بسنے والے اوورسیز پاکستانیوں کی بے شمار خدمات ہیں، وہ گزشتہ روز سابق میئر کونسلر لیاقت علی اور چوہدری شوکت کی طرف سے جشن آزادی و پرچم کشائی کی تقریب والتھم فاریسٹ ٹائون ہال میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شہریوں نے عالمی سطح پر وطن عزیز کا نام روشن کیا، خاص کر پاکستانی نوجوان نسل دنیا میں خوب ترقی کر رہی ہے۔

کونسلر لیاقت علی نے بتایا کہ وہ گزشتہ دس سالوں سے یوم پاکستان پر پرچم کشائی تقریب کا اہتمام کررہے ہیں اور لندن میں یہ ایک واحد ٹائون سینٹرہے جہاں لوکل اتھارٹی کی اجازت سے جشن آزادی کے موقع پر سبز ہلالی پرچم لہرایا جاتا ہے۔ تقریب میں نہ صرف پاکستانی خواتین بچے، بوڑھے، نوجوان نسل شرکت کرتی ہے بلکہ ٹائون ہال کے کونسلرز افسران بھی ہماری خوشی میں شرکت کرتے ہیں۔ ٹائون ہال والتھم فاریسٹ کی میئر لیڈی کونسلر یمی شو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان کے لوگ اپنے تہوار جوش و جذبے سے مناتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرنے والوں میں چوہدری شوکت، زیڈ یو خان، بیرسٹر شہزادہ حیات شامل تھے جبکہ سرکردہ کمیونٹی لیڈر کونسلر مہر خان، کونسلر محمد صادق، کشمیر کمیٹی کے راجہ سکندر خان، کونسلر ناہید، سمیرا خان، نجمہ شاہین دیگر بچے بوڑھے اور نوجوان کی کثیر تعداد جن میں خواتین بھی شامل تھیں، اس بارو کے سابق میئر و کونسلر ندیم علی جو گزشتہ مہینوں وفات پائے گئے وہ والتھم فاریسٹ ٹائون ہال میں جشن آزادی کی اس تقریب کے میزبان ہوتے تھے۔ ان کی مغفرت و ایصال و ثواب کے لئے دعا بھی مانگی گئی بعد میں یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔

تازہ ترین