• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف بلجیم کے رہنما شیخ ماجد ن لیگ میں شامل ہوگئے

برسلز (عظیم ڈار) پاکستان مسلم لیگ ن بلجیم کے صدر حاجی پرویز اور پی ٹی آئی بلجیم کے چیئرمین شیخ ماجد کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں شیخ ماجد نے اس موقع پر مسلم لیگ ن بلجیم کے فنانس سیکرٹری حاجی آصف جمیل بھی موجود تھے۔ شیخ ماجد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اصولوں کی بنیاد پرPTI کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ عمران خان نے سیاست میں غیر مہذب زبان استعمال کرکے نہ صرف مسلم لیگ کارکنوں کی دل آزاری کی بلکہ نوجوان نسل کو غلط راہ دکھائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بےاصولی کی سیاست کو رواج دیا۔ کل تک جس شیخ رشید پر تنقید کرتے ہوئے کہتے تھے کہ وہ شیخ رشید کو اپنا چپڑاسی بھی رکھنا پسند نہیں کرتے پھراسی شیخ رشید کو عمران خان نےPTIکی جانب سے اپنا وزیراعظم نامزد کیا اور اسے اپنا ووٹ تک ڈالنا گوارا نہیں کیا۔ انہوں نے خود ہی پارٹی قوانین سے انحراف کیا ہے۔ پی ایم ایل ن بجلیم کے صدر حاجی پرویز نے شیخ ماجد کو مسلم لیگ میں شمولیت پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف ایک سلجھے ہوئے سیاست دان ہیں۔

انہوں نے سیاست میں ہمیشہ خوش اخلاقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مثال قائم کی جس کی وجہ سے وہ پوری قوم کے دل کی دھڑکن بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ سال قبل جس عدلیہ کی آزادی اور بحالی کے لئے جدوجہد کی تھی اسی عدلیہ نے میاں نواز شریف کو معزول کردیا۔ اس وقت بھی میاں محمد نواز شریف ایک مقصد لے کر نکلے تھے اور اب بھی ان کے مارچ کا ایک مقصد ہے کہ عوام کی بالادستی اور پارلیمنٹ میں مروجہ قوانین پر عمل درآمد ممکن ہو۔

انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے اپنے سیاسی کیریئر کا کٹھن ترین فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری جب اپنے منصب پر واپس آئے تو مسلم لیگ ن نے ان کی تمام غلطیوں کو نظرانداز کیا تھا اور اسی طرح1971ء کی جنگ میں سقوط ڈھاکہ اور ہندوستان میں کارگل اور چار بار ملک میں مارشل کے نفاذ کے باوجود قانون سے انحراف کرنے والوں کو معاف کردیا تاکہ جمہوریت کو فروغ دیا جا سکے۔ مگر میاں محمد نواز شریف کے لئے معیار مختلف ہے، اگر انہوں نے عوام کی بالادستی اور پارلیمنٹ میں حکمرانی کا نعرہ لگایا ہے تو تمام سیاسی جماعتوں کو ان کی جرأت پر سلام کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑے ہونا چاہئے۔

تازہ ترین