• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محدود وسائل میں شہریوں کے مسائل حل کرنےمیں کوشاں ہیں، میئر

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) میئر سید طیب حسین نے کہا ہے کہ بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد اپنے محدود وسائل کے باوجود انتہائی خلوص سے شہریوں کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب کے سامنے منعقدہ رنگا رنگ یوم آزادی کے ورائٹی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی میئر سہیل مشہدی اور رکن صوبائی اسمبلی راشد خلجی سمیت دیگرنے شرکت کی۔

اس موقع پر یوم آزادی کے حوالے سے آتش بازی کا مظاہرہ اور سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیاجبکہ فنکاروں نے یوم آزادی کے حوالے سے ملی نغمات پیش کئے۔ میئر سید طیب حسین نے مزید کہاکہ آزادی ایک نعمت ہے اور ہمیں اس کی حفاظت کیلئے رات دن کوشش کرنا ہوگی تاکہ ہم اپنے ملک، صوبے اور شہر کو ترقی دے سکیں۔ہمیں اس سلسلے میں شہر کے تمام طبقوں کی مدد اور تعاون کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے شہر کو خوبصورت اور ترقی یافتہ شہروں میں شامل کرسکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرحان آفندی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ایک آزاد مملکت ہے اور اللہ تعالیٰ کا یہ فضل و کرم ہے کہ ہم ایک آزاد ملک کے شہری ہیں۔سید سہیل مشہدی اور راشد خلجی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم عوام کے ووٹ لے کر شہر کی خدمت اور مسائل کو حل کرنے کیلئے میدان میں آئے ہیں، ہر حال میں اپنے ملک اور قوم کے وفادار ہیں اور رہیں گے اور مہاجر قوم کو کسی سازش کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔

تازہ ترین