• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی حکومت اور افغانستان میں موجود فورسز منشیات اسمگلنگ روکنے کیلئے اقدامات کریں، سینیت قائمہ کمیٹی برائے داخلہ

اسلام آباد (اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے کہا ہے کہ امریکی حکومت اور افغانستان میں موجود فورسز منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات کریں‘ ہم سے ڈو مور کا مطالبہ نہ کیا جائے، اے این ایف کے لئے سہولیات میں اضافہ کیاجائے، منشیات کی روک تھام کے لئے ضروری قانون سازی کی جائے۔ منگل کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر رحمٰن ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ سب سے زیادہ منشیات پیدا کرنے والا ملک افغانستان ہے ‘ امریکی حکومت اور افغانستا ن میں موجود فورسز منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات کریں‘ امریکا اب ہم سے ڈومور کا مطالبہ بند کرے ۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ اے این ایف میں افرادی قوت کی کمی ختم کرنے کے لیے بھرتیاں کی جائیں اور مالی مدد میں اضافہ کیا جائے۔ وفاقی وزیر انسداد منشیات صلاح الدین ترمذ ی نے کہا کہ وزارت کو مسائل کا سامنا ہے ۔ ملازمین کی شدید کمی ہے جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کمیٹی وزارت کی مکمل معاونت کرے گی تاکہ منشیات کا خاتمہ ممکن ہو ۔ اے این ایف حکام نے بتایا کہ ہیتھرو ، کراچی ، اسلام آباد ایئرپورٹس سے منشیات برآمدگی پر 14گرفتاریاں کیں۔ ایک مجرم افغان تھا اور دو پاکستانی زیر زمین چلے گئے ہیں۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ چھوٹے ملازمین کے علاوہ بڑے افسران کی معاونت یا سرپرستی کی تحقیقات سے آگا ہ کیا جائے۔وزارت کے حکام نے آگا ہ کیا کہ 3148ملازمین بندرگاہوں ، ہوائی اڈوں اور سرحدی مقامات کے لیے کم ہیں‘افرادی قوت میں اضافہ ضروری ہے‘چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ 10ہزار ملازمین کی بھرتی کے لیے کمیٹی کی طرف سے خود وزیر اعظم سے ملو ں گا‘ اے این ایف حکام نے بتایا کہ ملک میں منشیات استعمال کرنے والوں کی تعداد 70لاکھ کے قریب ہے۔ اجلاس میں سینیٹر شبلی فراز اپنے گھر میں ڈکیتی کے خلاف احتجاجاً اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے ۔ ایس ایس پی اسلام آباد نے کہا کہ مدعی شبلی فراز کے بھائی ہیں ‘ 7ملزمان میں سے 3گرفتار کیے جاچکے ہیں‘ 4افغانستان فرار ہوگئے ہیں ۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ایف آئی اے کے ذریعے انٹر پول کو گرفتاری کے لیے خط لکھیں۔سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ اسلام آباد میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی گئی تھی اور رپورٹ ایوان بالا میں بھی پیش کی گئی۔ گرین بیلٹ، اسکول ، کالج ، قبرستان کی زمین بھی فروخت کی گئی ۔ اربوں کھربوں کی بدعنوانی ہوئی ہے۔سی ڈی اے ماسٹر پلان کی خلاف ورزی کی گئی۔ متاثرین اسلام آباد کی فائلوں کا 5ارب کا بڑا اسکینڈل موجود ہے۔ اگلے اجلاس میں مکمل رپورٹ دی جائے اور آگاہ کیا جائے کہ جن غیر قانونی سوسائٹیوں کے اکاؤنٹس بند کیے گئے کس اتھارٹی نے بحال کروائے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پلے گراؤنڈ اور قبرستان کی زمینیں بھی فروخت کی گئیں۔ 100پلاٹوں کی زمین ایک ہزار لوگوں کو فروخت کی گئی۔ ڈی جی ایف آئی ، چیف کمشنر اسلام آباد ، سی ڈی اے چیئرمین اجلاس منعقد کرکے لائحہ عمل منعقد کرے ۔ اگلا اجلاس ون پوائنٹ ایجنڈا منعقد ہوگا۔ جو بھی غیر قانونی کام میں ملوث ہے ،کارروائی کی جائے۔ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے بارے میں ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملک بھر میں 5ہزار کے قریب ہاؤسنگ سوسائٹیاں ہیں ۔ ایس ای سی پی کے پاس بھی ایسی سوسائٹیاںرجسٹرڈ ہیں جن پاس زمین ہے اور نہ ہی ریکارڈ۔

تازہ ترین