• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہماری صفوں میں پہلے سے زیادہ اتحاد کی ضرورت ہے، جاوید اکرم

گلاسگو(طاہر انعام شیخ) ٹوبہ ٹیک سنگھ سے پنجاب اسمبلی کے سابق ممبر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان ریاست مدینہ کے بعد دوسرا ملک ہے۔ جو اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا ہے اور انشاء اللہ یہ تاقیامت قائم رہے گا۔ کمبر نالڈ گلاسگو میں ممتاز سماجی رہنما چوہدری لیاقت علی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے جاوید اکرم نے کہا کہ اللہ کی مہربانی ہے پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے لیکن ہماری دوسرحدوں پر دشمن کارروائیوں میں مصروف ہے۔

ہم ایک بار پھر نازک موڑ پر ہیں۔ 1998میں جب ہم نے ایٹم بم کا دھماکہ کیا تو بھارت اور اسرائیل کے ساتھ فوجی طاقتیں بھی ہمارے خلاف سرگرم ہوگئیں آج سی پیک کی وجہ سے وہ ایک بار پھر ہمارے خلاف متحد ہوکر سازشیں کررہے ہیں اور ہمیں اپنی صفوں میں پہلے سے زیادہ اتحاد کی ضرورت ہے، خوش قسمتی سے ہماری فوج، حکومت اور عوام ان دشمنوں کے خلاف متحد ہیں، سیاسی پارٹیوں کی آپس میں چپقلش کا ایک ہی حل ہے کہ ملک میں قانون کی مکمل حکمرانی ہو جو ہر ایک کے لئے برابر ہو، سابق بریگیڈیئر جاوید اکرم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کیا ہے۔

ہم نے تقریباً50ہزار افراد کی جانوں کی قربانی دی اور 70ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان برداشت کیا۔ لیکن بدقسمتی سے مغرب نے ہماری قربانیوں کی قدر نہیں کی۔ انہوں نے غیر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے آبائی وطن سے وہاں مقیم پاکستانیوں سے بھی زیادہ محبت کرتے ہیں۔ تقریباً 20ارب ڈالر کا زرمبادلہ بھجواتے ہیں اور وہاں  لاکھوں  خاندانوں کی کفالت کرتے ہیں اور پاکستان میں کسی بھی قدرتی آفت مثلاً سیلاب یا زلزلے کی صورت میں بڑھ چڑھ کر مدد کرتے ہیں حکومت پاکستان کو چاہئے کہ ان کو پاکستان میں آمد پر زیادہ سے زیادہ سہولتیں میسر کرے۔ نیز بیرونی ممالک میں سفارتی عملے کو بھی مزید متحرک کرے۔

تازہ ترین