• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا حکومت نے ڈینگی روکنے کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا ، سینیٹر الیاس بلور

پشاور(کامرس رپورٹر)ممتاز صنعتکار سینیٹر الیاس احمد بلور نے ڈینگی وائرس کی روک تھام میں بری طرح ناکامی پر حکومت خیبر پختونخوا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اورکہا ہے کہ صوبائی حکومت نے تاحال ڈینگی کو روکنے کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا جس کی وجہ سے ڈینگی وائرس نے وبائی شکل اختیار کرلی ہے اور مریضوں کی تعداد روز بروزبڑھتی جا رہی ہے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے ڈینگی خاتمے کیلئے خیبر پختونخوا حکومت کو مدد کی پیشکش نیازی اینڈ کمپنی کے منہ پر طمانچہ ہے کیونکہ صوبائی حکومت عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی میں بری طرح ناکام ہوئی ہے ایک بیان میں سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہاکہ صوبائی حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ خیبر پختونخوا میں غریب عوام ڈینگی وائرس جیسے موذی مرض میں مبتلا ہوکر مر رہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ سیاسی جلسوں اور سیر و تفریح میں مگن ہیں اور عوام کے ساتھ مسلسل جھوٹ بولا جا رہا ہے کہ حکومت ڈینگی وائرس کی روک تھام کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت کی عدم توجہی کے باعث ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے اور ہسپتالوں میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کو علاج و معالجے کی کوئی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی جس کی وجہ سے پنجاب حکومت نے پختونخوا حکومت کو مدد کی پیشکش کی ہے ۔سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہاکہ عمران نیازی اینڈ کمپنی نے آج تک جو بھی دعوے کئے اُن میں سے ایک دعویٰ بھی پورا نہیں کیا ۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہاکہ پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں 7نشستیں حاصل کی ہیں لیکن اُن کے ایم این اے عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے صرف ٹی وی ٹاک شوز میں نظر آتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پشاور کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کو فوری علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں ۔
تازہ ترین