• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

”ساون“ حساس موضوع پر عالمی معیار کی فلم ہے،مشہود قادری

Todays Print

کراچی (جنگ نیوز) کلاکار فلم پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم ”ساون“ 15ستمبر کو ”جیو فلمز“ کے تعاون سے پاکستان بھر میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔ یہ پہلی پاکستانی فلم ہے جس نے یلیز سے پہلے ہی تین بین الاقوامی ایوارڈز اپنے نام کرلئے ہیں۔سبق آموز کہانی میں کم علمی اور غفلت سے پولیو کے بڑھتے مرض اور بچوں کے اغوا کوموثر انداز میں اجاگر کیاگیا ہے،بقا کی جنگ لڑتے بچے کی حقیقی کہانی میں خوشی اور غم کا ہر پہلو نظر آئےگا،فلم 15ستمبر کو ’’جیو‘‘کے تعاون سے ریلیز ہوگی۔

فلم کے ڈائریکٹر فرحان عالم ہیں ۔ ”ساون “ کی دِل چھو لینے والی کہانی بہترین اسکرین پلے رائٹر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے نامور رائٹر مشہود قادری نے انتہائی عمدگی سے تحریر کی ہے ۔ مشہود قادری 2016ءمیں نجی چینل کیلئے یوم آزادی کے موقع پر ٹیلی فلم ”ریاست میں ریاست“ بھی تحریر کرچکے ہیں جسے عوام نے بہت زیادہ سراہا تھا۔ مشہود قادری نے اس بار اپنے قلم سے پولیو اور بچوں کے اغوا جیسے حساس موضوع کو اُجاگر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ’’ ساون ‘‘حساس موضوع پر عالمی معیار کی فلم ہے۔

فلم کی کہانی میں جسمانی نقص کے سبب نظر انداز کئے جانے والے بچوں خصوصاً پولیو زدہ بچوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ اُنہیں ایک مضبوط پیغام بھی دیا ہے کہ وہ اپنی معذوری کو ہرگز کمزوری نہ سمجھیں۔ زندگی کی مشکلات کو اپنی زندگی کی ہار نہ سمجھیں بلکہ کامیابی کیلئے بار بار کوشش کریں۔ اُنہوں نے اس فلم میں معاشرے کو بھی پیغام دیا ہے کہ وہ معذور بچوں کی صلاحیتوں کو نظر انداز نہ کرے بلکہ اُنہیں عام لوگوں کی طرح زندگی گزارنے کا پورا حق دیا جائے کیونکہ یہ بچے ہمارے ارد گرد رہنے والوں سے بہت زیادہ ایماندار اور بہت حساس ہوتے ہیں۔ فلم میں مقامی باشندوں کی کم علمی اور غفلت کے سبب پاکستان پر حاوی ہونے والے مرض ”پولیو“ کے سدباب کی کاوشیں بھی دکھائی گئی ہیں۔ ایڈونچر سے بھر پور کہانی میں اسکردو کے کئی دلکش نظارے ہیں تو غم اور خوشی کے بہت سے پہلو بھی نظر آئیں گے ۔

فلم کی پروڈکشن بالی ووڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ایڈیٹر اسیم سنہا جبکہ موسیقی ہالی ووڈ کے ایمرایسلے اور ساؤنڈ ایکسپرٹ اکیڈمی کے ایوارڈ یافتہ جسٹن لبنگ نے دی ہے۔ فلم کے ساؤنڈ ٹریک میں موسیقار بالی ووڈ کے چرنجیت سنگھ اور بلوچستان کے جانے پہچانے گلوکار اختر چنار شامل ہیں۔ ہدایتکاری، اسکرپٹ رائٹنگ، اسٹوری لائن، اداکاری اور سینماٹوگرافی کو اگر یکجا کردیا جائے تو یہ فلم ایران کی صف اول فلموں کا بھی مقابلہ کرتی نظر آرہی ہے۔ فلم کی تکنیک اور معیار کسی بھی طرح عالمی سطح سے کم نہیں۔ کئی مناظر میں دِل چھو لینے والے اور حقیقت سے بہت زیادہ قریب ہیں۔

9سالہ لڑکا کرم حسین اپنے منفرد انداز سے معاشرے کے مختلف کرداروں کو بڑی اسکرین پر بے نقاب کرے گا، نجیبہ فیض اس فلم میں متاثرہ ماں کے روپ میں جلوہ گر ہوں گی، عمران اسلم ٹی وی رپورٹر کے روپ میں، شاہد نظامی مجرم، سلیم معراج اغوا کار، سہیل ملک ظالم شخص اور عارف بہالیم ظالم باپ کے روپ میں نظر آئیں گے ۔معذور بچے ”ساون“ پر ایک وقت ایسا آتا ہے جب اس کے والدین ہی اِسے غربت اور لاچاری کے سبب بلوچستان کی وادیوں میں تنہا چھوڑ دیتے ہیں۔ اس کی بقا کا سبب اِس کی ماں اور وہ بہن ہے جس سے وہ سب سے زیادہ پیار کرتا ہے۔ کرم حسین نے اپنی بہترین اداکاری کی صلاحیت کے جوہر دکھا کر معذور افراد کو اپنے قیمتی وجود کا احساس دلایا ہے۔

”ساون“ میں جہاں والد کا ظلم دکھایاگیا وہیں ایک بہادر ماں اور بہن کو بھی سامنے لایا گیا ہے جو ہر مشکل وقت میں ”ساون“ کا حوصلہ بڑھاتی ہے۔ ایسے لوگوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے جنہیں ہم روزمرہ زندگی میں نظر انداز کردیتے ہیں، اس کہانی میں اُمید کی کرن بھی ہے اور کئی لوگوں کیلئے سبق بھی۔ اس کہانی میں غربت کی تکلیف کا اظہار بھی ہے اور متاثرہ لڑکے کو اپنی بقا کی جنگ لڑتے بھی انتہائی عمدگی سے دکھایا گیا ہے۔ حقیقی کہانی کے بیشتر سین اسکردو کی دِلکش اور حسین وادیوں میں بھی عکس بند کئے گئے ہیں۔ فلم کی کہانی کا ہر ٹریک اس قدر جاندار ہے کہ شائقین کسی بھی لمحے کو محروم کرنا بھی چاہیں تو نہیں کرسکیں گے۔

تازہ ترین