• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز، آج پیشی، ڈار پر کل فردجرم،7 دن التوا کی درخواست مسترد

Todays Print

اسلام آباد(نمائندہ جنگ،ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد سابق وزیراعظم محمد نواز شریف پیر کی صبح لندن سے اسلا م آباد پہنچ گئے، سابق وزیر اعظم اپنی اہلیہ کی عیادت کیلئے ڈیڑھ ماہ قبل لندن گئے تھے۔ وطن واپسی پر ایئرپورٹ پر سابق وزیراعظم کا پر تپاک استقبال کیا گیا، کارکنوں کے نعروں سے لائونج گونج اٹھا، یہاں سے نوازشریف کو پنجاب ہائوس تک جلوس کی شکل میں لے جایا گیا جہاں نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں سیاسی صورتحال اور ریفرنسز کے دفاع کی حکمت عملی پر قانونی و سیاسی رفقاء سے تبادلہ خیال کیا، نوازشریف وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نے بھی الگ الگ ملاقات کی۔قبل ازیں وطن واپسی پر طیارے میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ نے کہا کہ جے آئی ٹی کے بعد اب احتساب عدالت میں بھی پیش اور سرخرو ہوں گے۔

نواز شریف نے کہا اُن کی واپسی پروپیگنڈا کرنے والوں کیلئے جواب ہے، کوئی غلط کام نہیں کیا، اس لئے عدالت میں سرخرو ہوں گے، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے پاکستان کا نقصان ہوا، صورتحال بہتر ہونی چاہئے۔ سابق وزیر اعظم پی آئی اے کی پرواز پی کے 786 کے ذریعے اسلام آباد پہنچے،انکے بے نظیر بھٹو ائرپورٹ سے نکلتے ہی مسلم لیگی کارکنوں نے نعرے بازی شروع کردی جس سے ائرپورٹ کا لائونج وزیراعظم نواز شریف کے نعروں سے گونج اٹھا، بینظیر بھٹو ائرپورٹ پرسابق وزیراعظم کا استقبال کرنے والوں میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق، چیئرمین پاکستان مسلم لیگ(ن)، سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق، ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید عباسی، وزیر دفاع خرم دستگیر، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ خان، خواجہ سعد رفیق، وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انوشہ رحمن، سینیٹر پرویز رشید، سینیٹر چوہدری تنویر، ایم این اے ملک ابرار، سابق ایم این اے شکیل اعوان، میئر اسلام آباد انصر عزیز، میئر راولپنڈی سردار نسیم کے علاوہ راولپنڈی اسلام آباد کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، بینظیر ایئرپورٹ سے نواز شریف مسلم لیگ(ن) کے رہنمائوں کے جلوس میں پنجاب ہائوس اسلام آباد پہنچے۔

بینظیر بھٹو ایئرپورٹ پر نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو نہیں کی تاہم مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہاکہ ن لیگ کسی قسم کی سازش کا شکار نہیں ہے ہمیں سپریم کورٹ سے انصاف نہیں ملا مگر اسکے باوجود ہم نے فیصلے پرعملدرآمد کردیا، نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہونے کیلئے وطن واپس آئے ہیں۔ سابق وزیراعظم اپنے پروٹوکول میں ایئرپورٹ سے پنجاب ہاؤس کیلئے روانہ ہوئے جہاں انہوں نے اجلاس کے دوران پارٹی رہنماؤں سے مختلف امور پر مشاورت بھی کی۔ غیر رسمی مشاورتی اجلا س میں ملک کی سیاسی صورتحال اور نیب ریفرنسز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق نواز شریف (آج) نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت میں پیش ہونگے اور بعد میں پریس کا نفرنس بھی کرینگے۔۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر آصف کرمانی نے کہا کہ سابق وزیراعظم تفریحی کیلئے نہیں بلکہ اپنی اہلیہ کی عیادت کیلئے لندن گئے تھے تاہم کل وہ احتساب عدالت کے سامنے پیش ہونگے۔دریں اثنا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں نیب عدالت میں پیشی کے معاملے پر گفتگو ہوئی۔ مسلم لیگ (ن) کے دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نیب عدالت میں پیشی کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کیلئے وفاقی وزراء اور لیگی رہنما پنجاب ہاؤس پہنچے۔

سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نے بھی سابق وزیراعظم سے ون آن ملاقات میں بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی اور پارٹی کی صدارت کے معاملے اور حکومتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ مشاورتی اجلاس میں نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی سے متعلق حکمت عملی بھی طے کرلی گئی ہے جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کے مرکزی رہنما نوازشریف کے ساتھ احتساب عدالت جائیں گے، کارکنوں کو احتساب عدالت نہ بلایا جائے گا اور نہ ہی روکا جائےگا۔نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہےکہ احتساب عدالت میں کوئی بے انتظامی نہیں ہونی چاہیے۔

تازہ ترین