• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بولنگ پرفارمنس سے خوش، بیٹنگ پر توجہ مرکوز ہے،حسن علی

کراچی (جنگ نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا ہے کہ والدین کی دعاؤں کی بدولت پرفارم کرپاتا ہوں ، بولنگ میں اچھی فارم پر بہت خوش ہوں، بیٹنگ پر بھی توجہ دے رہا ہوں ، سرفراز احمد کو مجھ پر پورا بھروسہ ہے ۔ جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں میزبان سید یحییٰ حسینی کو انٹر ویو دیتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں سری لنکا کو 220رنزکا ہدف دینے کے بعد ٹیم مینجمنٹ اور کپتان نے پلان دیا ، سرفراز احمد نے جلدی وکٹیں لینے کے بارے میں مشورہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل شکست کی وجہ سے سری لنکا بہت دباؤ میں ہے ، سری لنکا ایک بہت اچھی ٹیم ہے ، ان کے پاس تجربے کار بیٹس مین بھی موجود ہیں ۔ حسن علی نے مزید کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ بہت ’’ٹف‘‘ ہوتی ہے ، ٹیسٹ میں میرے ساتھ فٹنس کا مسئلہ تھا ، ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پرفارم کرنے کیلیے محنت کرونگا۔ انہوں نے بتایا کہ رومان رئیس بڑے باصلاحیت بولر ہیں ، نئے گیند کیساتھ وہ اچھی بولنگ کررہے ہیں، مجھ پر کوئی پریشر نہیں ہے، کرکٹ میں آل راؤنڈر کی حیثیت سے قدم رکھا تھا ، پاکستان اے کیساتھ موقع سے فائدہ نہیں اٹھا پایا تھا ۔
تازہ ترین