• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکبر ایوب سے رقم کی واپسی،ضیاء اللہ آفریدی کی رٹ پر جواب طلب

پشاور(نمائندہ جنگ)پشاورہائی کورٹ کے جسٹس اکرام اللہ اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پرمشتمل دورکنی بنچ نے پیڈوکے برطرف چیف ایگزیکٹوسے ایک کروڑ روپے واپسی کیلئے دائر رکن صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ آفریدی کی رٹ پرجواب مانگ لیاہے ۔ عدالت عالیہ کے فاضل بنچ نے رکن صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ آفریدی کی جانب سے بیرسٹروقارکی وساطت سے دائررٹ کی سماعت کی ۔پیڈوکی جانب سے شمائل بٹ ایڈوکیٹ پیش ہوئے اس موقع پر ضیاء اللہ آفریدی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے پیڈومیں جوبھرتیاں کی ہیں وہ برطرف کئے جانے والے ڈی جی اکبرایوب کے ایماء پرکی گئی ہیں اورچیف ایگزیکٹوافسر نے جن افراد کو بھرتی کیاہے ان کی تنخواہیں لاکھوں میں ہیں جبکہ اکبرایوب پیڈو کے چیف ایگزیکٹوکی اہلیت پرپورانہیں اترتے تھے ۔جن افراد کو بھرتی کیاگیاہے وہ غیرقانونی طورپربھرتی کئے گئے ہیں ۔پشاورہائیکورٹ نے جب پیڈو کے چیف ایگزیکٹو کی برطرفی کے احکامات جاری کئے تھے تو اس کے بعد بورڈ آف ڈائریکٹرزکااجلاس منعقد ہوا جس میں پیڈوکے چیف ایگزیکٹو اکبرایوب کی قانونی امداد کے لئے ایک کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ۔اجلاس کافیصلہ اس وجہ سے غیرقانونی تھا کہ چیف ایگزیکٹوپیڈوکو ہائی کورٹ نے برطرف کیا تھا۔جو بھرتیاں ہوئیں ان کی تحقیقات کی جائے اوراکبرایوب سے رقم واپسی لی جائے۔ اس موقع پر پیڈو نے جواب کے لئے مہلت طلب کی جس پرسماعت ملتوی کردی گئی۔
تازہ ترین