• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر نے ریفنڈز کی جلدادائیگی کی یقین دہانی کرائی ہے،مشتاق سکھیرا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا کہ ایف بی آر نے 2016سے قبل کے واجب الادا ریفنڈز جلد ادا کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے، بغیر بار کوڈ کے جاری ہونے والے نوٹسز کو جرم تصور کرتے ہیں، فائلرز کو سہولتوں کی فراہمی اور آڈٹ میں دوسال کا ریلیف دینے کیلئے ایف بی آر کو کہا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پرکہی جبکہ اس موقع پر کاٹی کے صدر طارق ملک، نائب صدر جنید نقی، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے ایف بی آر اور ٹیکسیشن راشد احمد صدیقی، زبیر چھایا، مسعود نقی، اکبر فاروقی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ کاٹی کے صدر طارق ملک نے کہا کہ زیر التوا ٹیکس اور سیلز ٹیکس ریفنڈ اس وقت برآمدات اور صنعتی شعبےکیلئےمالیاتی بحران کا بنیادی سبب بن چکے ہیں، ہم توقع کرتے ہیں کہ اس سلسلے میں وفاقی ٹیکس محتسب کا ادارہ اپنا بھرپور کردار ادا کریگا۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے ایف بی آر، ایس آر بی اینڈ ٹیکسیشن راشد احمد صدیقی کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ سیکٹر اور صنعتیں مل کر بہت محنت سے غیر ملکی زر مبادلہ ملک میں لاتے ہیں جسے کئی غیر ضروری درآمدتی اشیاء کی ادائیگی میں صرف کردیا جاتا ہے، اس حوالے سے پالیسی سازی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آرصنعتوں کے مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ سی ای او کائٹ ڈی ایم سی زبیر چھایا نے کہا کہ فائلر اور نان فائلر کی تقسیم سے باقاعدگی سے ٹیکس جمع کرانے والوں کی مشکلات میں کمی آنے کے بجائے اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائلر کو نان فائلر بنانے کیلئے قانون متعارف کرایا جائے۔ سابق صدر کاٹی مسعود نقی نے کہا کہ معیشت کو درپیش حالات کے پیش نظر قومی سلامتی کونسل کی طرز پر قومی اقتصادی کونسل بنانے کی ضرورت ہے۔ بعدازاں کاٹی کے عہدے داران اور ارکان سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق احمد سکھیرا کا کہنا تھا کہ فائلر اور نان فائلر کی تقسیم کے بعد پیدا ہونے والے مسائل سے آگاہ ہیں، فائلرز کو ریلیف فراہم کرنے اور آڈٹ میں رعایت کیلئےایف بی آر سے بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسیشن سے متعلق مسائل پر ازخود نوٹس کا اختیار رکھتے ہیں، اس کے علاوہ انفرادی شکایات کے علاوہ بزنس کمیونٹی اجتماعی مسائل پر بھی وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارے سے رجوع کرسکتی ہے۔اس موقع پر وفاقی ٹیکس محتسب کے ایڈوائزر منظور حسین قریشی،امتیاز احمد بارکزئی،شاہد احمد ، آفتاب امام اور دیگر بھی موجود تھے۔
تازہ ترین