• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی تحفظ کیلئے فوجی اور سویلین لیڈرشپ ایک ہیں، دھرنے کے حوالے سے حکومتی فیصلے پر عمل کرینگے، پاک فوج

Todays Print

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ملکی تحفظ کیلئے فوجی اور سویلین لیڈرشپ ایک ہیں ‘ افواج پاکستان ریاست کا ادارہ ہے اور دھرنے کے سلسلے میں حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر عمل کریں گے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ حکومت وقت نے جب بھی فوج کو بلایا ہے فوج نے ذمہ داری ادا کی ، صورتحال افہام و تفہیم سے حل ہوجائے تو بہتر ہے تاہم دھرنے کے سلسلے میں حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر عمل کریں گے۔بدھ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ شہداء ہمارے خاندان کا حصہ ہوتے ہیں ہم ان کے جنازوں میں شرکت کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ آسان نہیں، پور ے ملک میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن ہورہے ہیں اور یہ آپریشن خفیہ اداروں کی اطلاعات پر ہورہے ہیں، آنے والے دنوں میں یہ آپریشن مزید بہترہوگا، قوم کی حمایت کے بغیر کوئی بھی فوج کامیاب نہیں ہوسکتی، افغانستان کی حالت سب کے سامنے ہے، افغانستان کی صورتحال وہاں کی حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہے،اسی وجہ سے وہاں سکیورٹی خلاء ہے ‘افغانستان کی سرحد کے گرد باڑ لگائی جارہی ہے، جب تک دوسری طرف سےاقدامات نہیں ہوتے حالات بہتر نہیں ہوں گے۔

سیاسی صورت حال اور سیاست دانوں کے بیانات پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیاست کا اپنا ایک دائرہ کار ہے، سیاسی عمل چلتے رہنا چاہئے، سیاسی قیادت اور پارلیمنٹ جیسے کرتے ہیں انہیں کرنا چاہئے۔

تازہ ترین