• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اور اداروں کی مضبو طی کیلئے جدوجہد کی، سیاسی و سماجی رہنما

پیٹربرا(خالد محمود جونوی) پیٹر برا میں پاکستان پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس اور نو منتخب عہدیداران کے اعزاز میں دیئے گئےاستقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے شہر کے سیاسی وسماجی رہنمائوں نے اپنے خیالات کے اظہار میں کہا کہ پیپلزپارٹی کی ساری جدوجہد جمہوریت اور اس کے اداروں کی مضبوطی کیلئے ہے۔ صوفی ارشد محمود کی میزبانی میں شروع ہونے والی اس تقریب سے پیڑا برا کے میئر جان فوکس، سٹی کونسل میں ڈپٹی لیڈر وہائن، نو منتخب صدر محسن باری، سیکرٹری جنرل اظہر اقبال بڑالوی، فیضان مدینہ مسجد کمیٹی کے چیئرمین چوہدری عبدالمقدس، سابق میئر محمد ایوب چوہدری، کونسلر محمد ندیم سمیت مختلف سیاسی رہنمائوں نے نو منتخب صدر محسن باری اور کونسلر اظہر بڑالوی کو مبارکباد دیتے ہوئے پارٹی کے اس فیصلے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے اس منصب کیلئے نظریاتی کارکنوں کا انتخاب کیا ہے جس سے دیگر کارکنوں کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی۔ پیٹر برا کے میئر جان فوکس نے کہا کہ پیٹر برا کثیر الثقافتی شہر اور کمیونٹی کی اجتماعی کامیابیوں کے حوالے سے اس شہر کا گراف ہمیشہ بلند رہا ہے۔ میئر کی حیثیت سے انہیں مختلف پروگراموں میں شرکت کا موقع ملتا رہتاہے۔ یہ پروگرام بھی سیاسی لوگوں کی بھرپور دلچسپیوں کا مظہر ہے۔ ڈپٹی لیڈر وہائن نے کہا کہ کنزرویٹو اور پیپلزپارٹی کی مشترکہ سیاسی اقدارہیں۔ بے نظیربھٹو آکسفورڈ میں برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی بہت اچھی دوست تھیں۔ اب انہیں بے نظیربھٹو کے بیٹے بلاول سے اچھی توقعات ہیں کہ وہ ملک کو حقیقی معنوں میں جمہوریت کی طرف لے جائیں گے۔ انہوں نے کونسلر اظہر بڑالوی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے اس ساتھی پر بڑا فخر ہے جو بیک وقت پاکستان اور برطانیہ کی سیاست میں متحرک ہے۔ صدر پیپلزپارٹی محسن باری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نےعوام کو نئی سیاسی سوچ وفکر دی، باقی جماعتوں میں کارکن قربانی دیتے ہیں جبکہ ہمارے لیڈروں نے جمہوریت کی بقا کیلئے قربانیاں دیں۔ میری ٹیم میں متحرک اور نظریاتی سوچ رکھنے والے لوگ شامل ہیں اور بلاول بھٹو نے جو ذمہ داریاں سونپی ہیں کارکنوں کی مشاورت اور مدد سے ہم ان پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، نئی ٹیم میں تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کی نمائندگی ہے جو خوش آئندہے۔ ہم نئے سیٹ اپ میں خواتین کو کلیدی عہدوں پر فائز کریں گے۔ سیکرٹری جنرل اظہر اقبال بڑالوی نے میزبان وشرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی سیاسی وسماجی شخصیات کو ایک چھت تلے جمع دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔ مختلف شہروں میں تنظیم سازی کرکے کارکنوں کا مورال بلند کریں گے۔ متحرمہ انجم جرال نے کہا کہ بے نظیربھٹو جنوبی ایشیا کی خواتین کیلئے رول ماڈل تھیں۔ وہ حقیقی معنوں میں جمہوریت کی علمبردار تھیں۔ آنے والے وقتوں میں بھٹو کے افکار اور محترمہ بے نظیربھٹو کی سوچ وفکر پارٹی میں ایک نئی روح پھونکے گی۔ میاں محمد سلیم نے کہا کہ پیپلزپارٹی پاکستان کی لبرل پارٹی ہے۔ پی پی کے مضبوط ومستحکم ہونے سے وفاق کی اکائیاں متحد ہوں گی۔ پروگرام کا آغاز حاجی عبدالعزیز کی تلاوت سے ہوا جبکہ نظامت ارشد محمود نے کی۔ دیگر مقررین میں عبدالمقدس چوہدری، محمد ایوب، محمد جاوید طاہر، ڈاکٹر محمد اکرام، عبدالعزیز ، کونسلر ندیم، شازیہ بشیر، شہزاد انجم سمیت دیگررہنمائوں وکارکنوں نے اپنے اپنے خیالات کے اظہار میں کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو ایک کرشماتی شخصیت کے مالک تھے۔ ایٹمی توانائی سے لیکر ملک کو متفقہ آئین دینا، غریب کارکنوں کی عزت نفس بحال کرنا ان کے بہترین کارنامے ہیں۔ ان رہنمائوں نے محسن باری اور اظہر اقبال بڑالوی کو صدر اور سیکرٹری منتخب ہونے پر ان کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا اور اس امید کااظہار کیا کہ وہ ذمہ داریاں بطریق احسن نبھائیں گے۔ آخر میں تقریب کے میزبان صوفی محمد ارشد نے شرکا تقریب کا شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین