• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عباسی آج دو شاہراہوں کو چار رویہ بنانے کے کام کا افتتاح کرینگے

اسلام آباد (حنیف خالد) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی انڈس ہائی وے کو چار رویہ کرنے کے تعمیراتی کام کا آج آغاز کرینگے۔ سرائے گمبیلا سے کوہاٹ تک 128 کلو میٹر انڈس ہائی وے کو چار رویہ دو سال کے اندر بنا دیا جائیگا۔ اسی طرح پنڈی گھیب سے کوہاٹ 73کلومیٹر موجودہ دو رویہ سڑک کو چار رویہ شاہراہ بنایا جائیگا۔ یہ کام بھی دو سال میں مکمل کرنے کی ہدایات نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو دیدی گئی ہیں۔ دونوں سڑکوں کو چار رویہ بنانے کیلئے ضروری مشینری اور ماہرین موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ سرائے گمبیلا ۔کوہاٹ سیکشن۔ انڈس ہائی وے کا حصہ ہے جو پاکستان کے شمالاً جنوباً رابطہ کا اہم ذریعہ ہے اور کراچی لاہور پشاور قومی شاہراہ کے مقابلہ میں نسبتاً مختصر روٹ ہے۔ سرائے گمبیلا کوہاٹ سیکشن خیبرپختونخوا کے جنوب میں واقع ہے اوریہاں کے لوگوں کا ذریعہ معاش زیادہ تر کھیتی باڑی ہے۔ تاہم اس علاقے میں صنعتی ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ سرائے گمبیلا۔ کوہاٹ سیکشن کو دوہرا کرنے سے اس علاقہ میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئےگی۔ یہاں کی زرعی اجناس کی بڑی منڈیوں تک رسائی آسان ہوگی۔ آمدورفت میں روانی کے باعث لوگوں کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولت فراہم ہوگی، جس سے معاشرتی روابط فروغ پائیں گے۔
تازہ ترین