• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ادارہ تحفظ ماحولیات کے قوانین میں ترامیم، ای پی اے کو آلودگی کی مرتکب صنعتوں پر جرمانہ وصول و خرچ کرنے کا اختیار

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ادارہ تحفظ ماحولیات کے قوانین میں ترامیم، حکومت سندھ نے ای پی اے کو آلودگی کی مرتکب صنعتوں پر یومیہ 10ہزار روپے جرمانے وصول وخرچ کرنے کے اختیار ات دیدیئے، جبکہ مذکورہ ادارے کی فلاح و بہبود کے لئے سسٹینبل ڈیولپمنٹ فنڈز کی منظور بھی دے دی ہے جس کے تحت ای پی اے جرمانے کی رقم حکومت سندھ کے اکاؤنٹ میں جمع کرانے کے بجائے سسٹینبل ڈولپمنٹ فنڈز کے تحت خرچ کرنے کی مجاز ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لئے کام کرنے والاادارہ تحفظ ماحولیات کے قوانین میں ترامیم کا عمل شروع ہوچکا ہے، اس ضمن میں ای پی اے کی جانب سے حکومت سندھ نے متعلقہ حکام کو قوانین میں ترامیم کا مسودہ ارسال کیا تھا،جس میں آلودگی پھیلانے اور ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب پر عملدرآمد نہ کرنے والی صنعتوں پر یومیہ 10ہزار روپے جرمانہ عائد کرنا اور نظام کو بہتر اور مستحکم بنانے کے لئے مذکورہ ادارے کے قوانین کی شقنمبر 9میں ترمیم کرکے سسٹینبل ڈیولپمنٹ فنڈز اوپن کرنے کی تجاویز شامل تھیں۔ جنگ کو موصو ل ہونے والی معلومات اور ذرائع کے مطابق حکومت سندھ کے اے جی ڈپارٹمنٹ نے ای پی اے کی مذکورہ دونوں سفارشات کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے قوانین کے مطابق آلودگی پھیلانے اور ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب نہ کرنے والے کارخانوں،فیکٹریوں اور دیگر صنعتوں پر یومیہ 10ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کی منظور ی اور ساتھ ہی وصول کردہ جرمانہ کی رقم جونئے قوانین میں ترمیم سے قبل ریوینوکامپوننٹس کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی جاتی تھی،اب سسٹینبل ڈیولپمنٹ فنڈز کے نام پر خرچ کی جاسکتی ہے۔ ذرائع نے جنگ کو مزید بتایا کہ مذکورہ منظور شدہ فنڈز سے لیبارٹری کو جدیدبنانے سمیت،آلات کی خریداری،ریسرچ اسٹدی اور نئےپراجیکٹ سمیت دیگر معاملات پر کام کیا جائے گا۔ دوسری جانب کچھ ماہ قبل حکومت سندھ کی جانب سے حیدرآباد سمیت صوبے کے دیگر 29اضلاع میں ای پی اے کے دفاترقائم کرنے کی منظوری دی گئی تھی،جس کے لئے 217ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا تھا۔ اس ضمن میں ضلع حیدرآباد ریجن کے دادو،ضلع حیدرآباد اور دیگر 10 اضلاع میں دفاتر کے لئے انوائرنمنٹ انسپکٹر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر،اسٹینو گرافر،ڈیٹا پروسیسنگ اسسٹنٹ،آفساسسٹنٹ،جونیئر کلرک اور دیگر عملے کی تقرریشامل ہے۔جنگ کے رابطہ کرنے پر ریجنل ڈائریکٹر ای پی اے منیر عباسی نے تصدیق کی کہ حکومت سندھ نے صنعتوں پر یومیہ 10ہزار روپے جرمانہ وصول کرنےکے اختیارات دے دیئے ہیں،جبکہ سسٹینبل ڈیولپمنٹ فنڈز کی منظور بھی دے دی ہے،نئے قوانین کے تحت ای پی اے جرمانے کی رقم حکومت سندھ کے اکاؤنٹ میں جمع کرانے کے بجائے سسٹینبل ڈیولپمنٹ فنڈز کے نام پر خرچ کرنے کی مجاز ہوگی۔
تازہ ترین