• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین واٹر کمیشن کادورہ تھرپارکر، آر او پلانٹ اور آبی اسکیموں کا معائنہ، پانی میں کلورین کی مقدار میںکمی پر اظہار برہمی

مٹھی، اسلام کوٹ، عمر کوٹ (نامہ نگاران ) سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کئے جانے والے واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس(ر) امیر مسلم ہانی نے کہا کہ پانی ہر شہر ی کا بنیادی حق ہے جو ہر شہری کو ملنا چاہیے،پانی کی خراب لائنوں کی مرمت اور مٹھی شہر کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھرپارکر میں مختلف آبی اسکیموں، کینال ،آر او اور فلٹر پلانٹ کے معائنہ کے موقع پر کیا۔ چیئرمین واٹر کمیشن نے پانی میں کلورین کی مقدار میں کمی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ پانی میں کلورین کی مقدار کو پورا کر کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔قبل ازیں تھرپار پہنچنے پرواٹر کمیشن کے سربراہ کا ڈپٹی کمشنر تھرپارکر ڈاکٹر حفیظ احمد سیال اور میونسپل کمیٹی مٹھی کے چیئرمین ڈاکٹر منوج کمار ملانی نے استقبال کیا۔ جسٹس ریٹائرڈ امیر مسلم ہانی نے گلن موری رن شاخ سے مٹھی شہر کو سپلائی ہونے والے ایک کروڑ گیلن پانی کے تالابوں کا جائزہ لیا۔ وہاں پر میونسپل کمیٹی چیئرمین مٹھی ڈاکٹر منوج کمار ملانی نے ان بریفنگ دیتے ہوئے کہ کہ مٹھی میں پائپ لائن سے جمع ہونے والے پانی کے واٹر ٹینک کے ساتھ آراو پلانٹ لگایا جائے تو شہریوں کو صاف پانی فراہمی میں آسانی ہوگی۔ بعدازاں جسٹس ریٹائرڈامیر مسلم ہانی مٹھی شہرمیں واقع ایشیا کے سب سے بڑے آر او پلانٹ پہنچے جہاں انھوں نے پانی کے معیار کا جائزہ لیا۔ انھوں نے اس موقع پر کہا کہ اس آر او پلانٹ سے یومیہ 5 لاکھ گیلن پانی روزانہ مہیا نہیں کیا جارہا ہے کوشش کی جائے کہ اس آراو پلانٹ سے عوام کو پینے کے صاف پانی کو ٹارگٹ کے مطابق فراہم کیا جائے پاک اوسس کے نمائندے نے کہا کہ آر او پلانٹ کو ٹارگٹ کے مطابق چلانے کیلئے سندھ گورنمنٹ کے حوالے کرنے کی سفارش کی تاکہ آسانی سے عوام کو صاف پانی کی فراہم کیا جاسکے۔ اس موقع پر جسٹس ( ر ) امیر مسلم ہانی نے میونسپل کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر منوج کمار ملانی کو ہدایت کی کہ آراو پلانٹ کے ٹینک کی مکمل صفائی کر کے پانی میں کلورین شامل کی جائے۔ اس موقع پر پانی کیس کے وکیل ایڈووکیٹ شہاب اوستو نے کہا کہ بناء کلورین پانی کسی کو فراہم نہ کیا جائے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈوکیٹ شہاب اوستو، سیکرٹری ایری گیشن سید جمال مصطفٰی، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر ڈاکٹر حفیظ احمد سیال، چیئرمین میونسپل کمیٹی مٹھی ڈاکٹر منوج کمار ملانی، چیف انجینئر پبلک ہیلتھ، ڈائریکٹر ایریگیشن، رجسٹرارسندھ ہائی کورٹ غلام مصطفٰی، اسسٹنٹ کمشنر مٹھی سمیع اللہ سنجرانی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
تازہ ترین