• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردی واچ لسٹ محض پاکستان کو گھیرنے کا ڈرامہ ہے،حامد موسوی

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ شیطانی قوتیں پاکستان کی ناکہ بندی کے منصوبے بنا رہی ہیں جبکہ سیاستدان حکمرانوں کو اپنے کاموں سے فرصت نہیں اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں جو لمحہ فکریہ ہے ، اہل سیاست غرناطہ و بغداد کی تاریخ کو فراموش مت کریں حکومتیں وسینٹ کی نشستیں پاکستان کے دم قدم سے ہیں ۔مادر وطن کے تحفظ کو ترجیح دیں تاریخ میں سربلند رہیں گے،پاکستان کو تنہا کرنے کیلئے چانکیہ کے چیلے مودی نے پوری دنیا کو بے وقو ف بنا رکھا ہے۔ بیک وقت اسرائیل ،سعودی عرب، ایران اور امریکہ اس کے بیسٹ فرینڈ ہیں عالم اسلام لیڈر شپ کے قحط سے دوچار ہے ،جو کام ہمارے حکمرانوں کو کرنے چاہئے تھے وہ سفارتی چابکدستیاں مودی دکھا رہا ہے ، دہشت گردی واچ لسٹ محض پاکستان کو گھیرنے کا ڈرامہ ہے پاکستان کی ایٹمی ٹیکنالوجی اورسی پیک منصوبے نے دشمنوں کی نیندیں حرام کررکھی ہیں ، خاتون جنت حضرت فاطمہؓ زہرا نے حق سے کبھی دستبردار نہ ہونے کا درس دیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت فاطمہؓ زہرا یوم شہادت کے موقع پر اجتما ع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ، حضرت فاطمہؓ زہراکی بدولت خواتین کو حقوق حاصل ہوئے ، خواتین سیرت فاطمیہ پر عمل کرکے مغربیت کے سیلاب کا مقابلہ کرسکتی ہیں۔ دریں اثناءحضرت فاطمہ کا یوم شہادت منگل کو عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا ۔ اس موقع پرمجالس عزا اور ماتمی جلوسوں کا انعقاد ہوا جن سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام ،واعظین و ذاکرین نے سیرت فاطمہ پر روشنی ڈالی۔راولپنڈی میں شہادت خاتون جنت کا مرکزی جلو س ڈھوک رتہ میں جرار حسین جعفری کے زیر اہتمام اعوان ہائوس سے برآمد ہوا ۔جلوس علم اپنے مقررہ راستوں سے گزر کر امام بارگاہ کشمیریاں میں اختتام پذیر ہوا ۔قبل ازیں مجلس عزاہوئی۔
تازہ ترین