• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر کونسل کے خاتمےکا فیصلہ احسن اقدام ہے، راجہ افتخار احمدخان

بری (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سینئر رہنما راجہ افتخار احمد خان، سابق پارلیمانی امیدوار راجہ نوید اختر گوگا کا برطانیہ کے دورے پر مانچسٹر ائر پورٹ پہنچنے پر برطانیہ بھر سے بڑی تعداد میں جماعتی عہدیداران، رہنمائوں، کارکنوں اور کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کی شخصیات نے شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر استقبال کے لیے آنے والے مسلم لیگیوں اور میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ افتخار احمد خان نے کہا کہ کشمیر کونسل ختم کرکے آزاد کشمیر کو بااختیار بنانے کا فیصلہ راجہ فاروق حیدر کا تاریخی اور احسن اقدام ہے، ایکٹ74کے خاتمے سے نہ صرف آزاد حکومت زیادہ بااختیار اور آزادانہ فیصلے کرے گی بلکہ اس سے کشمیریوں اور پاکستانی عوام کے مابین تعلقات اور رشتے مزید مستحکم ہوں گے۔ کشمیری قوم وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سمیت مسلم لیگی قیادت کی شکر گزار ہے جنہوں نے آزاد کشمیر حکومت کو مزید اختیارات دے کر ثابت کردیا کہ پاکستان کشمیریوں کو باوقار اور بااختیار دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے ایک مخصوص حلقے کی جانب سے ایکٹ1974ء کی مخالفت کی جارہی ہے، جوکہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان ہی اپوزیشن جماعتوں کا ماضی میں کشمیر کونسل کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔ راجہ فاروق حیدر خان اپنی وزارت عظمیٰ کی پروا نہ کرتے ہوئے اپوزیشن دور میں کیا گیا وعدہ نبھایا، جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ سابق پارلیمانی امیدوار حلقہ کھڑی شریف مسلم لیگ ن راجہ نوید اختر گوگا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت لائن آف کنٹرول پر بھارت کی افواج کی طرف سے آئے روز بلااشتعال فائرنگ سے نہتے کشمیری شہید ہورہے ہیں۔ بھارت کا یہ ارادی منصوبہ ہے، وہ سی پیک منصوبے اور مسئلہ کشمیر کو دبانا چاہتا ہے۔ کشمیریوں کی قربانیوں کے باعث تنازعہ کشمیر اب فلش پوائنٹ بن چکا ہے۔ بھارت کشمیریوں کو اب زیادہ دیر تک آزادی کی نعمت سے دور نہیں رکھ سکتا۔ اوورسیز کشمیری کمیونٹی نے جس شاندار انداز میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ مسلم لیگ ن ملڈن کے صدر راجہ امجد خان نے کہا کہ آج برطانیہ بھر سے کثیر تعداد میں پارٹی کارکنوں نے اپنے قائدین کا جس والہانہ انداز میں استقبال کیا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ مسلم لیگ کی حکومت نے اپنے دوراقتدار میں سی پیک، ختم نبوت کا قانون پاس کرنا اور کشمیر کونسل کے ادارے کا خاتمہ کرکے تاریخی کارنامے سرانجام دیے ان کا مزید کہنا تھا کہ ایل او سی پر بھارتی فوج کی بربریت پر اوورسیز کشمیری کمیونٹی کو تشویش ہے۔ بھارتی وزیراعظم انسانیت کا قتل عام کررہا ہے۔ اقوام عالم مسئلہ کشمیر کے پرامن اور کشمیریوں کے خواہشات کے مطابق حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر برطانیہ لوٹن کے صدر راجہ شفیق پوتا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کشمیر کونسل کے خاتمے اور ایکٹ1974ء میں ترامیم کے جرأت مندانہ فیصلے کیے ہیں، جس پر پوری کشمیری قوم فاروق حیدر کی پشت پر کھڑی ہے۔اس موقع پر مسلم لیگی رہنما راجہ گل واز نے کہا کہ راجہ افتخار احمد خان اور راجہ نوید اختر گوگا کی نہ صرف جماعت کے لیے خدمات قابل فخر ہیں بلکہ دونوں رہنما سماجی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن پاکستان کے سینئر نائب صدر راجہ عبدالقیوم، راجہ وارث، راجہ نصیر احمد خان، راجہ شفیق احمد پوتا، راجہ محمود قربان سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں نے قائدین کا استقبال کیا۔
تازہ ترین