• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل افتتاحی میچ، پشاور زلمی کا 152رنز کا ہدف

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے افتتاحی میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو فتح کیلئے 152 رنز کا ہدف دیا ہے۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پی ایس ایل 2018 کے افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر وکٹ پر موجود گھاس کو دیکھتے ہوئے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی نے اننگز کا آغاز کیا تو اننگز کے دوسرے ہی اوور میں گزشتہ ایونٹ کے کامیاب ترین بیٹسمین کامران اکمل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ تمیم اقبال نے محمد عرفان کو لگاتار دو چوکے لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن اگلی ہی گیند پر جنید خان کے عمدہ کیچ نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ دوسری وکٹ گرنے کے بعد محمد حفیظ میدان میں آئے اور ڈیوائن اسمتھ کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی، تاہم 57 کے مجموعی اسکور پر ڈیوائن اسمتھ 3 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بنا کر عمران طاہر کا شکار بنے۔ پشاور زلمی نے 15 ویں اوور میں اپنی سنچری مکمل کی اور اختتامی اوورز میں تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں حارث سہیل، جنید خان کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد حفیظ نے نصف سنچری کے بعد جارحانہ انداز اپنایا اور ڈیرن سیمی کے دو چھکوں کی بدولت سہیل تنویر کے اوور میں 21 رنز بٹورے لیکن اگلے ہی اوور میں بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ جنید خان کی دوسری وکٹ بن گئے۔ ڈیرن سیمی نے 11 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 29 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اننگز کے اختتام سے ایک گیند قبل وہ سہیل تنویر کو وکٹ دے بیٹھے۔ ملتان سلطان کی جانب سے محمد عرفان نے دو، سہیل تنویر،جنید خان، عمران طاہر اور جی سی ویوجن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
تازہ ترین