• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک سال میں 19ٹیوب ویل نصب کروا دیئے،فیاض چوہان

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) وزیر کالونیز پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حلقے میں ایک سال کے دوران19 ٹیوب ویل نصب کروا دیئے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں ٹیوب ویلوں کی تنصیب سے امید ہے کہ شہریوں کیلئے پینے کے پانی کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہو جائیگا۔ اسکے مقابلے میں گزشتہ حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور میں حلقے میں صرف 20ٹیوب ویل لگوا سکی جو حلقے کی آبادی کی پانی کی ضروریات کے مطابق نہایت قلیل تھے۔ صوبائی وزیر نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے نہایت احتیاط سے استعمال کریں کیونکہ پانی اللہ کی بہت بڑی نعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقے میں سیوریج سسٹم کی بہتری، برساتی نالوں، گلی محلوں کی صفائی ستھرائی اور سڑکوں پر پیچ ورک سمیت شہریوں کو دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقے کے دورے کے دوران عمائدین علاقہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیر کالونیز نے کہا کہ شہری خود بھی صفائی کا خیال رکھیں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صفائی عملے کے ساتھ بھی تعاون کریں۔ کوڑا کرکٹ گلیوں، نالیوں اور نالوں میں پھینکنے کے بجائے مخصوص جگہوں اور گاربیج ڈرموں میں ڈالیں تاکہ صفائی کی وجہ سے بیماریوں سے بچا سکے۔ وزیر کالونیز نے پی ٹی آئی کے مقامی قائدین کو ہدایت کی کہ وہ حلقے میں پینے کے پانی کی بلاتخصیص فراہمی کیلئے پائپ لائنوں کی تنصیب فوری مکمل کریں۔ پانی پر کسی قسم کی سیاست برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حلقے میں صفائی پر مامور عملے سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے حلقے میں صفائی ستھرائی کا نظام اپ ڈیٹ رکھا جائے۔ فیاض الحسن چوہان نے حلقے کے اہم چوراہوں اور سڑکوں پر ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ بننے والے عوامل کے خاتمے کیلئے بھی ہدایات جاری کیں۔
تازہ ترین