• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
خیبرپختونخوا کرکٹ ٹیم نے پنجاب کی ٹیم کو151رنز سے ہرا کر پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔ پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ نے صوبائی ٹیموں کے درمیان فیصل آباد میں بین الصوبائی کرکٹ میچوں کا اہتمام کیا تھا جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے علاوہ چاروں صوبوں سے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا تھا۔ ون ڈے پاکستان کپ کا ایک بڑا مقصد نئے کھلاڑیوں کی تلاش اور ملک میں کرکٹ کا فروغ بھی تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں فاتح ٹیم کو بیس لاکھ روپے کا انعام بھی دیا گیا جبکہ کرکٹ کنٹرول بورڈ کے چیئرمین شہریار خان فائنل میچ میں مہمان خصوصی تھے۔ اگرچہ خراب امپائرنگ اور دیگر تنازعات کے سبب پہلے دن سے ہی ٹورنامنٹ منفی خبروں کی زد میں رہا۔ عمر اکمل ایک اسٹیج تھیٹر میں رقص دیکھنے پہنچ گئے اور خود بھی ڈانس کیا۔ احمد شہزاد نے ڈریسنگ روم کا شیشہ توڑ دیا اور اس کے بعد نیا شیشہ لگوانے کے لئے رقم ادا کی۔ یونس خان ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے۔ اس کے باوجود ون ڈے ٹورنامنٹ کامیاب رہا اس میں نئے کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور فیصل آباد کے شائقین کو اپنے قومی ہیروز کو ان ایکشن دیکھنے کا موقع ملا۔ شائقین کی جانب سے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی۔ فائنل میں پنجاب کرکٹ ٹیم کی قیادت شعیب ملک اور خیبرپختونخوا کرکٹ ٹیم کے کپتان یونس خان تھے۔ اس پاکستان ٹورنامنٹ کے انعقاد سے نیا خون ٹیم میں شامل ہوگا اس مقصد کے لئے بین الصوبائی ہی نہیں انٹرسٹی ٹورنامنٹ کا بھی انعقاد کیا جائے۔ کرکٹ کے میدان میں ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ماضی میں بھی اس اعتراف کے بعد اس بات پر زور دیا جاتا رہا ہے کہ ملک بھر میں کرکٹ ٹورنامنٹ کرائے جائیں تاکہ نئے ٹیلنٹ کو تلاش کیا جاسکےاور موجودہ ٹورنامنٹ اس سلسلے میں ایک اچھی ابتدا ہے۔
تازہ ترین