• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے میں وی آئی پیز کیلئے پروٹوکول بند

 قومی ایئرلائن نے ’نو پروٹوکول، نو سیٹ بلاکنگ‘ کا بورڈ لگا دیا اور کہا ہے کہ تمام مسافر ہمارے لئے ایک جیسی اہمیت رکھتے ہیں۔


پی آئی اے میں اب  تمام مسافروں کو  بلا امتیاز یکساں سہولتیں فراہم  کی جائیں گی۔سوشل میڈیا  پر ایک اہم اعلان جاری کرتے ہوئے ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ بعض میڈیا پر پی آئی اے کی خصوصی یا بلک ہیڈ سیٹوں پر کسی استحقاق اور ترجیح کے بارے میں وائرل ہونے والے خط سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا جاتا ہے۔


پی آئی اے کی پالیسی میں کسی کو ترجیح دینے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔نشستوں کا اختصاص سب مسافروں کے لئے یکساں اور برابری کی بنیاد پر ہوتا ہے اور اس میں کسی سے امتیازی سلوک نہیں کیا جاتا۔

واضح رہے نئی حکومت نے ہوائی اڈوں پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے وی آئی پیز کو پروٹو کول فراہم کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فیصلے بعد وزارت داخلہ نے تمام تحقیقاتی اداروں کے ذمہ داران کو مطلع کردیا کہ وہ احکامات پر علمدرآمد کو یقینی بنائیں۔

وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کو ہدایت جاری کی کہ ملک بھر میں کسی سیاستدان یا سرکاری افسر کو پروٹوکول فراہم نہیں کیا جائے گا۔ایف آئی اے سمیت دیگرایجنسیوں کو جاری ہدایت میں خبر دار کیا کہ اگر متعلقہ ادارے نے کسی کو پروٹوکول دیا تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

گزشتہ ماہ اسکردو ایئرپورٹ پر مسافر اور سیاحوں نے قومی ایئر لائن کی فلائٹ 4 گھنٹے کی تاخیر سے پہنچنے پر سخت احتجاج کیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ ایئر لائن انتظامیہ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے افسران کو ’فضائی سیر‘ کرانے کی غرض سے صارفین کے بنیادی حقوق کا استحصال کیا۔

تازہ ترین