• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستانی اور بالی وڈ فلموں کی دُھوم اور ان کا ریکارڈ توڑ بزنس

پاکستانی راک اسٹارعاطف اسلم کے نان اسٹاپ بالی وڈ گانوں نے دُھوم مچائی ہوئی ہے ۔ اِن دنوں عاطف اسلم کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے ۔بارہ سال ہوگئے اُن کا ایک کے بعد دوسرا ہٹ سونگ آتا ہے۔ ابھی تک پچھلے سال سلمان خان پر پکچرائز ہونے والا فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘ کا گانا ”دل دیاں گلاں“ خُوب سنا جارہا ہے ۔صرف یو ٹیوب کے ایک لِنک سے یہ گانا اب تک ریکارڈ 37کروڑ بار دیکھا اور سُنا جاچکا ہے ، اگر چہ استاد راحت فتح علی خان کا غیر فلمی گیت ” ضروری تھا“ 50کروڑ ہٹس لینے کے کافی قریب ہے، لیکن یہ گاناعاطف کے گانے سے تین سال پہلے ریلیز ہوا تھا۔صرف یہی نہیں راحت کے فین سلمان خان آج کل عاطف اسلم کے زیادہ پرستار ہوگئے ہیں۔ اسی لیے انھوں نے عاطف کو ریس تھری میں اپنی آواز کے بعد اپنے دُلہا بھائی کی پہلی فلم”لو راتری“ میں بھی خوب استعمال کیا۔ امتیاز علی کی فلم ”لیلیٰ مجنوں“ میں بھی عاطف اسلم کا گانا پاپولر ہوچکا ہے۔ بات یہیں ختم نہیں ہوتی، بلکہ استاد نصرت فتح علی خان، جن کے گانوں کے ری مکس کے لیے راحت فتح علی خان سب کی پہلی پسند ہوتے تھے، اس میدان میں بھی عاطف اسلم نے اپنا پہلا چھکا مار دیا ہے ۔ شاہد کپور کی فلم ”بتی گل میٹر چالو“ میں نصرت فتح علی کے کلاسیک ” دیکھتے دیکھتے“ کو عاطف اسلم کی آواز میں ری مکس کیا گیا ہے ۔ دل چسپ بات ہے کہ نمستے لندن کے سیکوئل’’ نمستے انگلینڈ ‘‘کا ریلیز ہونے والا پہلا گانا بھی عاطف اسلم کی آواز میں سامنے آیا ہے ۔ اکشے کمار کی نمستے لندن میں راحت کا کلاسیک’’ میں جہاں رہوں‘‘ شامل تھا، اب ’’نمستے انگلینڈ‘‘ میں عاطف اسلم ارجن کپور کی آواز بنے ہیں۔آواز تو عاطف اسلم کی ہی چنی گئی، بالی وڈ کی شاہ کار فلم ”پاکیزہ“ کے سدابہار گانے ” چلتے چلتے“ کے لیے، جسے فلم ”متروں“ میں دوبارہ پیش کیا گیا ہے ۔ اس گانے کے ری مکس پر عظیم گلوکارہ لتا نے افسوس کا اظہار بھی کیا، یہاں یہ یاد رہے کہ لتا جی نے تنقید عاطف اسلم کی آواز پر نہیں بلکہ ’’ری مکس‘‘ کے رجحان پر کی ،کیوں کہ وہ ہمیشہ سے کلاسیک گانوں کو ریمکس کرنے کی مخالف رہی ہیں ۔ عاطف اسلم ہی فلم “‘ستیہ میو جیتہ“ میں جان ابراہم کی آواز بھی بنے اور ان کا رومانٹک گانا” پانیوں سا“ بھی سپر ہٹ ہوا۔جان ابراہم ہی کی بات ہو تو انھوں نے ایسا سرپرائز دیا ہے، جو پورے بالی وڈ کے لیے جھٹکا ثابت ہوا۔ جان ابراہم کی چھوٹے بجٹ کی فلم ”ستیہ میو جیتہ“ نے اکشے کمار کی بڑے بجٹ کی ”گولڈ“ کی چمک ماند کردی اور اس فلم کے مقابلے میں جم کر بزنس کیا ۔ گولڈ نے سو کروڑ تو کمالیے، لیکن ستیہ میو جیتہ نے بھی 85کروڑ کا بزنس کیا ہے ۔یعنی اکشے کی گولڈ باکس آفس پر ایورج یا ہٹ تک ہی جائے گی، لیکن جان کی فلم کا اسٹیٹس ابھی سے سپر ہٹ ہوچکا ہے، حالاں کہ اکشے کمار کی فلم کے مقابلے میں ستیہ میو جیتہ کو بہت کمزور اور ہلکی فلم لیا جارہا تھا، لیکن باکس آفس پر وہی ہوا، جو فلم بینوں کو پسند آیا۔ بالی وڈ کے کھلاڑی کمار ابھی اپنی فلم کے نتیجے سے مایوس بھی نہیں ہوئے تھے کہ انہیں اسی فلم سے ایک دوسری خوش خبری ملی ۔ان کی فلم گولڈ نے سعودی عرب میں ریلیز ہونے والی پہلی بالی وڈ کا اعزاز حاصل کرلیا۔ اب ان سے یہ اعزاز بعد میں کوئی چھین نہیں سکے گا۔ چھین تولی ہیں ساری خوشیاں ٹام کروز نے سلمان خان سے، کیوں کہ ہالی وڈ کی فلم ”مشن امپاسیبل“اسی دن چین میں ریلیز ہوئی، جس دن سلمان خان کی” سلطان “ کی اوپننگ ہوئی۔مشن امپاسیبل دنیا بھر میں 80 ارب پاکستانی روپے کماچکی ہے اور اب ایک مہینے بعد فلم چین میں ریلیز ہوئی ہے ۔ٹام کروز کی فلم نے یہاں سے اب تک 20 ارب پاکستانی روپوں کے قریب کمائی کی۔ دوسری طرف سلطان کی کمائی 1 ارب پاکستانی روپوں سے بھی کافی پیچھے ہے ۔ سلمان خان کی سلطان دو سال پہلے ریلیز ہوئی تھی، اس فلم نے دنیا بھر سے 10ارب پاکستانی روپوں کا بزنس کیا تھا۔سلطان کے بعد ریلیز ہونے والی عامر خان کی فلم دنگل نے چین سے ریکارڈ بزنس کیا تھا ۔اتفاق سے وہ فلم بھی پہلوانی پر تھی، لیکن اس کے ہیرو عامر خان تھے، جو چین میں”لاڈلے “سمجھے جاتے ہیں۔ سلطان ہی وہ فلم تھی، جس نے پاکستان میں بھی اوپننگ کے بہت سارے ریکارڈ بنائے تھے، جو ابھی تک ٹوٹے نہیں۔

کوشش تو بہت کی جوانی پھر نہیں آنی 2نے سلطان کی اوپننگ کا ریکارڈ توڑنے کی ، لیکن وہ سارے ریکارڈز بال بال بچ گئے ۔اس چھوٹی سی ناکامی کے باوجود ہمایوں سعید اور فہد مصطفی کی فلم نے پاکستانی فلمی تاریخ پر نئے اور بڑے کارنامے انجام دیے ۔فلم پرواز ہے جنون اور لوڈ ویڈنگ سے ”کلیش “ کے باوجود اُس فلم نے اِن دونوں فلموں کو بڑے فاصلے سے ہرایا۔ فلم اب تک صرف ملک بھر کے سینما گھروں سے 34کروڑ کے قریب بزنس کرچکی ہے ۔ دنیا بھر سے فلم کا بزنس 50کروڑ کے قریب ہوگیا ہے ۔فلم یقینی طورپر پاکستان کی سب سے کام یاب فلم کا اعزاز پنجاب نہیں جاوٴن گی سے چھین لے گی،یہی نہیں فلم پاکستان کے سینما گھروں میں بزنس کا نیا ریکارڈ بنائے گی۔فلم کے لیے بہترین رزلٹ ہوگا اگر یہ فلم صرف پاکستان میں پچاس کروڑ کے بزنس کا اعزاز حاصل کرنے میں کام یاب ہوجائے۔ کام یاب تو طیفا اِن ٹربل بھی خوب ہوئی اور وہ بھی کسی عید اور تہوار کی مدد کے بغیر، اب تک فلم صرف ملک بھر کے سینما گھروں سے 32کروڑکماچکی ہے،یہی نہیں فلم کے دو گانے آئٹم نمبر اور چن وے کی صرف یو ٹیوب ہٹس ایک ایک کروڑ سے زائد ہوچکی ہیں۔یہ ایسا ریکارڈ ہے جو اس سے پہلے کسی پاکستانی فلم کی میوزک نے نہیں بنایا۔ یہ طیفا کی ہی کِک اور بڑی عید پر ریلیز ہونے والی فلموں کا معیار تھا کہ پہلی بار ایک ساتھ ریلیز ہونے والی پاکستانی فلموں لوڈ ویڈنگ،جوانی پھر نہیں آنی2 اور پرواز ہے جنون کی دنیا بھر میں بزنس کی رینج ”سو کروڑ“ ہوجائے گی۔

پاکستانی فلموں کا بزنس بھی بڑھ رہا ہے اور ٹیکنکل معیار بھی، ابھی ”ڈونکی کانگ“ معاف کیجیے گا ” ڈونکی کنگ“ کی اینی میشن نے دیکھنے والوں کو ہلادیا ہے۔ یہ فلم 13اکتوبر کو ریلیز ہوگی۔اتنی زبردست اینی میشن پاکستان میں کسی فلم میں استعمال نہیں ہوئی۔ اب تک اینی میشن کے لحاظ سے سب سے بہتر پاکستانی فلم ” دی لیجنڈ آف مار خور“ تھی، لیکن یہ فلم اُس فلم سے بھی کافی بہتر لگ رہی ہے ۔ڈونکی کنگ میں پاکستانی ریمبو افضل خان نے اپنی آواز دی ہے۔ ان کے ساتھ حنا دل پزیر نے ”فتنہ“ بننے کو ترجیح دی ہے ۔ ڈونکی کنگ کی آواز کے پیچھے چھپا راز تو ہم نے آپ کو بتادیا، اب ایک راز اور بتادیں کہ ہانیہ عامر کی فلم پرواز ہے جنون، کی پروموشن کے دوران سامنے آنے والی تصویروں میں ان کے یونیفارم پر” جنید“ نام لکھا ہوا تھا۔ یہ نام فلم میں ان کو پسند کرنے والے احد رضا میر کا تھا، نہ ہی ہانیہ سے محبت کرنے والے حمزہ علی عباسی کا تھا ۔فلم پرواز ہے جنون میں ”جنید“ نام کا کریکٹر شمعون عباسی نے ادا کیا ہے۔راز کے بعد اب باری بڑی خبر کی، کیوں کہ سنی دیول کو ایک بار کوئی اور نہیں راج کمار سنتوشی ڈائریکٹ کریں گے۔سنی اور راج کمار کی جوڑی دامنی،گھائل اور گھاتک، جیسی فلمیں دے چکی ہیں۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین