• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کی بیبو، کرینہ کپورممبئی فلم انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکارہ ہیں۔ بالی ووڈ کے ایک معروف خان اور پٹودی خاندان کے چشم و چراغ سیف علی خان سے شادی کے بعد وہ کرینہ کپور خان بن چکی ہیں۔ شادی کے بعد، بالی ووڈ کے اس ’پاور کپل‘ کو لوگ ’سیفینا‘ کہہ کر بھی پُکارتے ہیں۔ ان کے صاحبزادے تیمور علی خان، چھوٹی سی عمر میں ہی سپر اسٹار بن چکے ہیں، کیونکہ ’لٹل پٹودی‘ جہاں کہیں بھی جاتے ہیں، پاپارازی ان کی ایک تصویر لینے کے لیے بے چین اور ان کے پیچھے بھاگتے نظر آتے ہیں۔ بالی ووڈ کی بیبو21ستمبر 1980ء کو پیدا ہوئیں اور آج کے دن وہ 38سال کی ہوچکی ہیں۔

ستاروں کا حال

کرینہ کپور خان کا برج سنبلہ (Virgo) ہے۔ کرینہ کا نمبر3ہے اور ان کا سیارہ مشتری ہے۔ اس سیارے کے تحت پیدا ہونے والے لوگ انصاف پسند اور پیار کے دلدادہ ہوتے ہیں۔21ستمبر کو پیدا ہونے والے لوگ خوش قسمت تصور کیے جاتے ہیں اور کرینہ کپور خان اس کی ایک زندہ و جاوید مثال ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ صلاحیتوں اور خوبصورتی میں بھی کرینہ کپور خان کا کوئی مقابلہ نہیں۔

فلمی کیریئر

کرینہ کپور کا تعلق بالی ووڈ کے معروف پرتھوی راج کپور خاندان سے ہے، جسے بالی ووڈ کا پہلا فلمی خاندان بھی کہا جاتا ہے۔ کرینہ کے والد رندھیر کپور اور ماں ببیتا، ماضی میں بالی ووڈ کے معروف ہیرو اور ہیروئن رہ چکے ہیں۔ والدین کی پیروی کرتے ہوئے، پہلے کرینہ کی بڑی بہن کرشمہ کپور نے بالی ووڈ میں قدم رکھا جبکہ 2000ء میں کرینہ کپور نے فلم ’رِفیوجی‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں انٹری دی۔ اپنے 18سال پر محیط کیریئر میں، جس میں وہ اب بھی عروج پر ہیں، کرینہ کپور خان رومانوی، کامیڈی، ایکشن، تھرلر اور خواتین کے موضوعات پر بننے والی فلموں میں پاورفل کردار ادا کرچکی ہیں۔ کرینہ کو ابتدائی کامیابی کرن جوہر کی بلاک بسٹر مووی ’کبھی خوشی کبھی غم‘ (2000ء) کے ذریعے ملی، اس فلم میں کرینہ کپور نے نہ صرف جم کر اداکاری کی بلکہ جس طرح سے انھوں نے اس فلم میں مختلف انداز میں منہ بنائے، اس کے بعد کرینہ کو ایک باصلاحیت اداکارہ کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ کی بیسٹ Pout گرل کا خطاب بھی دیا گیا۔ یہی نہیں، اس فلم کے بعد کرینہ کپور کو بالی ووڈ کی سب سے زیادہ خوبصورت ہونٹ رکھنے والی اداکارہ بھی کہا گیا۔ اس کے بعد’چمبیلی‘ اور ’دیو‘ جیسی فلموں میں کرینہ کپور نے اپنی صلاحیتوں کو خوب منوایا۔ بہترین کرداروں میں بہترین اداکاری کا ریکارڈ انھوں نے اپنی آنے والی کئی فلموں، ’اومکارا‘، ’جب وی میٹ‘ اور ’وی آر فیملی‘ کے ساتھ بھی برقرار رکھا۔2009ء میں عامر خان کے ساتھ فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کے ذریعے کرینہ کپور نے اپنے کیریئر کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ انڈسٹری کی تب تک کی سب سے بڑی بلاک بسٹر فلم دی۔ کرینہ نے پاورفل کرداروں والی فلموں میں کام کرنے کا سلسلہ ’قربان‘، ’ہیروئن‘ اور ’تلاش‘ کے ذریعے مزید آگے بڑھایا، یہ فلمیں بڑی کامیابی حاصل نہ کرپانے کے باوجود، کرینہ کپور کے لیے ہمیشہ یادگار رہیں گی، کیونکہ انھیں بطور اداکارہ اپنی بہترین صلاحیتیں دِکھانے کا موقع ملا۔

کرینہ کپور حالیہ دور میں بالی ووڈ کی سب سے کامیاب شادی شدہ اداکارہ ہیں، یہاں تک کہ کاجول جیسی اداکارہ بھی شادی کے بعد کوئی بڑی کامیاب فلم نہیں دے پائیں، لیکن کرینہ نے اپنی کامیابی کے گراف کو شادی کے بعد مزید بہتر کرلیا ہے۔ کرینہ کپور نے شادی کے بعد اپنے کیریئر کی سب سے بڑی اور کامیاب ترین فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ 2015ء میں دی۔ صرف یہی نہیں، تیمور کی پیدائش کے بعد کرینہ کپور نے ’ویر دی ویڈنگ‘ جیسی اسٹائلش اورکامیاب ترین فلم دے کر اپنی اہمیت، انفرادیت اور اسٹارپاور کو ہر جگہ تسلیم کرالیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کرن جوہر نے اپنی آنے والی بڑے بجٹ کی دو فلموں ’گڈ نیوز‘ اور ’تخت‘ میں کرینہ کپور کو مرکزی کرداروں میں سائن کیا ہے۔

ایوارڈز اور اعزازات

کرینہ کپور نے اپنے 18سال پر محیط کیریئر میں اب تک 10بار فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزدگی حاصل کی ہے، جن میں سے وہ 6بار ایوارڈ جیتنے میں بھی کامیاب رہی ہیں۔ مادام تساؤ میوزیم میں بھی کرینہ کپور کا مجسمہ رکھا گیا ہے۔

سیف علی خان سے شادی

2008ء میں شادی سے پہلے کرینہ کپور نے اپنے شوہر سیف علی خان کے ساتھ فلم ’ٹشن‘ میں کام کیا، جس دوران ان کی دوستی کے خوب چرچے رہے، اس دوستی کا اختتام بالآخر 2012ء میں دونوں کی شادی پر ہوا۔ ناکامی کے باوجود، کرینہ کپور کے لیے یہ فلم کئی لحاظ سے یادگار رہی۔ اس فلم میں اکشے کمار اور سیف علی خان کی فٹنس کا مقابلہ کرنے کے لیے کرینہ کپور نے فٹنس کے وہ نئے معیار مقرر کیے کہ فلم کی ریلیز کے بعد کرینہ کی باڈی کو ’سائز زیرو‘ کا خطاب دیا گیا۔ کرینہ کپور نے سیف علی خان کو بطور بوائے فرینڈ پہلی بار اسی فلم کی شوٹنگ کے دوران ڈسکور کیا۔

فیملی میں اضافہ

شادی کے چار سال بعد 20دسمبر2016ء کو کرینہ کپور نے اپنی پہلی اولاد، تیمور علی خان کو جنم دیا، جو اپنی پیدائش کے بعد سے ہی میڈیا اور پاپارازی فوٹوگرافرز کا پسندیدہ بن چکا ہے۔ صرف یہی نہیں، سوشل میڈیا پر بھی تیمور علی خان کے خوب چرچے رہتے ہیں، بلاشبہ وہ بالی ووڈ کا سب سے فیورٹ اسٹار کِڈ ہے۔ تیمور علی خان کے بعد کرینہ کپور نے اعلان کیا ہے کہ وہ اور سیف دو سال بعد ایک اور بچے کو جنم دینے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

تازہ ترین