• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کلاسیکل موسیقی کی پہچان کلاسیکل گائیک استاد امانت علی خان کی آج 63ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔

نیم کلاسیکل گائیکی کے نمائندہ گلوکار اسد امانت علی خان 25 ستمبر 1955 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق موسیقی کے مشہور پٹیالہ گھرانے سے تھا۔ اسد امانت علی خان، استاد امانت علی خان کے صاحبزادے، استاد فتح علی، استاد حامد علی خان کے بھتیجے اورشفقت امانت علی خان کے بڑے بھائی تھے۔

انہیں موسیقی کا فن اپنے والد امانت علی خان سے ورثے میں ملا لیکن انہوں نے اپنی شناخت علیحدہ سے منوائی۔ اسد امانت علی خان نے اپنی گائیگی کا آغاز 10 سال کی عمر سے کیا اور ایف اے کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد موسیقی کو ہی پیشہ بنایا۔

اسد امانت علی خان نے کلاسیکل موسیقی سے تعلق رکھنے والے خاندان میں چار چاند لگائے۔ ان کی غزلیں اور کلاسیکل راگ کو عالمی شہرت ملی۔ اپنے والد استاد امانت علی کی وفات کے بعد انشا جی کی لکھی اور استاد امانت علی کی گائی غزل’انشا جی اٹھو اب کوچ کرو‘ گانے کے بعد اسد علی خان کو اولین شناخت اور مقبولیت حاصل ہوئی۔ تاہم انہیں اصل شہرت’عمراں لنگھیاں پباں بھار‘ سے ملی اور اس کے بعد وہ انتقال تک گائیکی کے ایک درخشاں ستارے رہے۔ اسد امانت علی خان کے گانے بہت مشہور ہوئے جنہیں کافی پذیرائی بھی ملی۔ انہوں نے جن فلموں کو اپنی گائیکی سے سجایاان میں شمع محبت، سہیلی، انتخاب، شیشے کا گھر، زندگی، ابھی تو میں جوان ہوں ، ترانہ، آئی لو یو اور آندھی اور طوفان کے نام شامل ہیں۔

اسد امانت علی خان کو صدارتی ایوارڈ پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا تاہم ایوارڈ کے فوری بعد ہی ان کی طبیعت ناساز ہوگئی اور وہ علاج کیلئے لندن چلے گئے۔ آٹھ اپریل 2007 کو 52 برس کی عمر میں ان کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

اسد امانت علی خان آج ہم میں نہیں مگر ان کی گائی ہوئی غزلیں اور گیت اب بھی کلاسیکل موسیقی کی پہچان ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین