• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بالی ووڈ کی مشہور جوڑیاں اور اُن کی ’لو اسٹوری‘

بالی ووڈ کی کئی مشہور جوڑیاں ہمارے سامنے موجود ہیں جو خوشگوار شادی شدہ زندگیاں گزار رہے ہیں، مگرکم لوگ ہی یہ بات جانتے ہوں گے کہ فلموں میں ساتھ نظر آنے والی جوڑیوں کے درمیان حقیقت میں کیسے محبت پروان چڑھی۔

بالی ووڈ کی مشہور جوڑیوں کی ’لو اسٹوری‘(محبت کی کہانی) دلچسپ ہونے کے ساتھ ساتھ فلمی بھی ہے جسے یقیناً ان کے مداح جاننے کاشوق رکھتے ہوں گے کہ پہلی مرتبہ یہ جوڑا کیسے ملا اور کہاں سے ان کی محبت کا آغاز ہوا۔ بالی ووڈ کی کچھ مشہور جوڑیوں کی پیار بھری کہانی پر ایک نظر :

دلیپ کمار اور سائرہ بانو

لیجنڈری اداکار دلیپ کمار اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو کی لو اسٹوری کسی فلمی کہانی سے کم نہیں ہے۔ سائرہ بانو ، دلیپ کمار کی بہت بڑی مداح تھیں لیکن کبھی بھی شادی کا خیال اُن کے ذہین میں نہیں آیا۔

سائرہ بانو کے اس دوران کئی رشتے آئے جن میں اداکار راجیندرکمار بھی شامل تھے مگر ان کی والدہ نے انکار کردیا کیونکہ وہ جانتی تھیں کہ سائرہ اور دلیپ کے درمیان ایک خوبصورت رشتہ قائم ہے۔

سال 1966 میں یہ جوڑا شادی کے بندھن میں بندھا، اس وقت سائرہ بانو کی عمر 22 سال اور دلیپ کمار 44 سال کے تھے ۔ دونوں کی عمر میں 22 سال کا فرق ہونے کے باوجود ان کی محبت میں کمی نہیں آئی اور دونوں آج بھی خوشگوار زندگی بسر کر رہے ہیں۔

سنیل دت اور نرگس

سنیل دت اور نرگس کے درمیان پہلی ملاقات سال 1953میں فلم ’دو بھیگا زمین‘ کے سیٹ پر ہوئی۔ 1957 میں فلم ’مدر انڈیا‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے کے بعد نرگس کی زندگی مکمل طور پر تبدیل ہوگئی۔ ’مدر انڈیا‘کے بعدوہ شدیدتنازعہ کا شکار رہیں یہاں تک کہ ایک مرتبہ انہیں جلانے کی کوشش بھی کی گئی اس وقت اداکار سنیل دت نے انہیں بچایا اور ساتھ ہی وہ نرگس کا دل جیتنے میں بھی کامیاب ہوگئے۔

اس دن کے بعد سے نرگس سنیل دت کا بہت خیال رکھنے لگیں اور وہ ہمیشہ ہر موقع ان کے ساتھ موجود ہوتیں جبکہ سنیل دت کا نرگس کے بارے میں کہنا ہے کہ انہوں نے نرگس کو ایک بہترین انسان اور عورت پایا جنہوں نےان کے اہل خانہ کا بےحد خیال رکھا۔ اس کے علاوہ سنیل نے کہا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ میں ہمدردی اور باہمی اتفاق بھی پایا۔

شاہ رخ خان اور گوری چیببر

بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی زندگی میں ان کی اہلیہ گوری چیببر اس وقت شامل ہوئیں جب وہ ایک عام انسان تھے، شاہ رخ خان اور گوری کی پہلی ملاقات دہلی میں ایک پارٹی کے دوران ہوئی اس وقت شاہ رخ خان کی عمر محض 18 سال تھی۔ وہ ایک شرمیلے نوجوان کی طرح پارٹی میں مسلسل گوری کو دیکھتے رہے جس کے بعد سے دونوں کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا۔

لیکن شاہ رخ خان ’حق جتانے‘ وال بوائے فرینڈ ثابت ہوئے ، انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہیں نے نہیں معلوم وہ ایک اخروٹ ہیں لیکن گوری کے لیے ان کا پیار بہت زیادہ ہے اور وہ ان کی زندگی کا ایک حصہ ہیں۔ تاہم گوری کو شاہ رخ خان کا حق جتانا کبھی کبھی بہت برا لگتا تھا اور ایک مرتبہ اتنا زیادہ برا لگا کہ انہوں نے اپنے رشتے کو کچھ وقت دینے کا فیصلہ کرلیا اور انہیں اطلاع کیے بغیر ممبئی چلی گئیں۔

شاہ رخ خان فلمی انداز میں انہیں ڈھونڈتے ہوئے ممبئی پہنچے جہاں دونوں ایک دوسرے کو دیکھ کر جذباتی ہوگئے اور رونے لگے۔ اس وقت انہیں اندازہ ہوا کہ دونوں ایک دوسرےکی محبت میں شدید گرفتار ہیں جس کے بعد انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا اور 25 اکتوبر 1991 میں ان کی شادی ہوئی۔

دھرمندر اور ہیما مالینی

ماضی کی سپر اسٹار اداکارہ ہیما مالینی اور اداکار دھرمندر کی جوڑی اسکرین پر بے حد پسند کی جاتی تھی لیکن انہیں اس وقت اس بات کا ندازہ نہیں تھا کہ آگے جا کر ان کی فلمی جوڑی حقیقت میں بن جائے گی۔ ان دونوں کی لو اسٹوری کا آغازسال 1970کی فلم ’تم حسین میں جوان‘ کے سیٹ سے ہوا مگر ان کی کہانی میں ٹوئیسٹ (twist) یہ تھا کہ دھرمندر پہلے سے شادی شدہ اور دو بیٹوں (سنی اور بوبی دیول ) کے والد تھے۔

دھرمندر کے پہلے سے شادی شدہ ہونے کے باوجود دونوں نے 1980 میں شادی کرلی۔ دھرمندراور ہیما مالینی اب تک 42 فلموں میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں جبکہ ان کی شادی کو 32 سال مکمل ہوگئے ہیں۔

امیتابھ بچن اور جیا بچن

امیتابھ اور جیا بچن کی جوڑی کو بالی ووڈ کی ’گولڈن جوڑی‘ کہا جاتا ہے۔ ان کی پہلی ملاقات 1970 میں بھارت کے شہر پونے میں ہوئی، اس کے بعد دونوں فلم گڈی کے سیٹ پر ایک دوسرے سے ملے۔ جیا بچن نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ جب گڈی کے سیٹ پر ان کی ملاقات امیتابھ سے ہوئی اور انہیں معلوم ہوا کہ یہ ہریونشری بچن کے بیٹے ہیں تو وہ فوراً ہی ان کی محبت میں مبتلا ہوگئیں۔

جس وقت ان دونوں کی ملاقات ہوئی جیا بچن پہلے سے بالی ووڈ کی نامور اداکارہ تھیں جبکہ امیتابھ بچن نئے نئے بالی ووڈ میں آئے تھے اور اپنی قسمت آزما رہے تھے۔ ان دونوں کے درمیان محبت نے ایک مرتبہ پھر دستک دی اور 1970 میں فلم ’ایک نظر‘ کے سیٹ پر ان کی ملاقات ہوئی۔

اس کے بعد ان کی فلم ’زنجیر‘ 1973 میں ریلیز ہوئی جو کہ باکس آفس پر سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی، اس فلم کی کامیابی کا جشن منانے کے لیے انہوں نے لند جانے کا فیصلہ کیا لیکن امیتابھ کے والدین اس بات کے لیے راضی نہیں تھے کے دونوں غیر شادی شدہ ساتھ دوسرے ملک جائیں ، انہوں نے جیا بچن کو شادی کے لیے پروپوز کردیا اویوں دونوں 3 جون 1973 کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے اورشادی ہوتے ہی امیتابھ اور جیا بچن لندن کے لیے روانہ ہوگئے۔

ابھیشیک اور ایشوریہ

بلاشبہ ابھیشیک اور ایشوریہ کی جوڑی بھی بالی ووڈ کی ایک ’پاور کپل‘ جوڑیوں میں سے ایک ہے۔ ابھیشیک پہلی مرتبہ فلم ’کچھ نہ کہو‘ کے سیٹ پر ایشوریہ سے متاثر ہوئے تھے۔ اس کے بعد فلم ’گرو‘ کی شوٹنگ کے دوران دونوں کو اس بات کا اندازہ ہوا کہ وہ ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔

فلم گرو کے پریمیئر کے بعد ابھیشیک نے ایشوریہ کو شادی کے لیے پروپوز کیا اور اگلے ہی سال 20 اپریل 2007 میں ان کی شادی ہوگئی۔

سیف علی خان اور کرینہ کپور

اداکار سیف علی خان اور کرینہ کپور کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ 2007 میں شروع ہوا۔ اس سے قبل دونوں نے فلم ’ٹشن‘ ساتھ میں کی لیکن چونکہ ان کے درمیان پہلے سے بات چیت نہیں تھی اس لیے دونوں فلم کے سیٹ پر خاموش رہتے تھے ، پھر آہستہ آہستہ ان کے مابین بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا۔

سیف اور کرینہ کے درمیان بات چیت کا آغاز ہونے کی دیر تھی کہ دونوں جلد ہی ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوگئے۔ ایک انٹرویو میں کرینہ میں بتایا کہ سیف پہلی مرتبہ ان کی والدہ سے ملے تو انہوں نے کہا کہ کرینہ میری ہے، میں اپنی باقی کی زندگی ان کے ساتھ گزارنے کا خواہشمند ہوں، اور ہم دونوں ایک دوسرے کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ جس پر کرینہ کی والدہ مسکرائیں اور انہوں نے ہاں میں جواب سے دے دیا۔

کرینہ کپور اور سیف علی خان کی شادی 16 اکتوبر 2012میں ہوئی۔

تازہ ترین
تازہ ترین