• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایکسپو سینٹر میں 15 ویں ہیلتھ ایشیاء نمائش اور کانفرنس کا افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے منگل کو ایکسپو سینٹر میں 15 ویں ہیلتھ ایشیاء نمائش اور کانفرنس کا افتتاح کردیا۔ اس 3 روزہ نمائش میں دنیا کے 25 ممالک سے نمایاں فارماسوٹیکل کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں،نمائش میں شریک ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کی تعداد 900 کے قریب ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ،اس کانفرنس سے صحت کے شعبہ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا کیونکہ طب کے شعبہ میں مسلسل تحقیق کے باعث نئی ادویات اور جدید ترین آلات و مشینری سامنے آرہی ہے ان کے موثر اور بروقت استعمال سے مختلف جان لیوا امراض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نمائش میں ٹیکنیکل سیشنز کے دوران طبی ماہرین کو علاج معالجہ کے شعبہ میں ہونے والی نئی تحقیق سے استفادہ کا موقع ملے گا،اس نمائش میں شریک غیر ملکی مندوبین کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوںاورہیلتھ ایشیاء کے مسلسل انعقاد پر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کے قیام میں رینجرز نے اہم کردار ادا کیا ہے ، امن و امان کے باعث نمائشوں اور کانفرنسز میں غیر ملکی مندوبین بھی شرکت کررہے ہیں اس طرح کے ایونٹس کے انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کا اچھا تاثر پیدا ہورہا ہے ۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فارما سوٹیکل سمیت ہر ایک صنعت کے ساتھ تعاون کریں گے۔

تازہ ترین