امریکا کے ساتھ دیرپا تعلقات چاہتے ہیں، آرمی چیف، ISI ہیڈکوارٹرز کا دورہ، وزیراعظم کے ہمراہ این سی او سی میں اجلاس

October 19, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ دیرپا تعلقات چاہتے ہیں ، افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کیلئے عالمی برادری کردار ادا کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر سے ملاقات کےدوران کیا جبکہ امریکی ناظم الامور نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان سے سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دے رہے ہیں۔

علاوہ ازیں آرمی چیف نے آئی ایس آئی ہیڈکواٹرز کا دورہ کیا جہاں پہنچنے پر ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ان کا استقبال کیا ۔ آرمی چیف کو ملکی داخلی اور افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جس پر آرمی چیف نے ادارے کی تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ادھر وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی)کا دورہ کیا اور اجلاس منعقد کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے نے کورونا وباء پر کنٹرول میں این سی او سی اور وفاق کی اکائیوں کی کوششوں کو سراہا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی،افغان سیکورٹی اورباہمی تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان امریکا کیساتھ روایتی باہمی رابطوں کا خواہاں ہے اور امریکاکے ساتھ دیرپا اورمستحکم تعلقات کا خواہش مند ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے زور دیا کہ افغانستان میں انسانی بحران کے بچاؤ کیلئے عالمی برادری کردار ادا کرے، افغان عوام کی اقتصادی بہتری کیلئے ٹھوس کوششوں کی ضرورت ہے۔

امریکی ناظم الامورنے افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان کی خطے میں امن واستحکام کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ ہر سطح پر پاکستان سے سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دے رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ان کا استقبال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف کو داخلی سلامتی اور افغانستان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔

اس دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ادارے کی تیاریوں پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کیا ۔ علاوہ ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی)کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے این سی او سی کا دورہ کیا جس کے دوران ڈائریکٹر جنرل نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میجر جنرل آصف محمود گورائیہ نے کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

کورونا کے پھیلا وکو روکنے کے لیے کئے گئے اقدامات پر بھی وزیراعظم اور آرمی چیف کو بریفنگ دی گئی۔ این سی اوسی کے مطابق کورونا کے سدباب ویکسین کی فراہمی اور مینجمنٹ حکمت عملی پر بھی روشنی ڈالی، وزیراعظم نے کوروناکی روک تھام کیلئے این سی اوسی کی کاوشوں کو سراہا۔

عمران خان نے صوبوں اور دیگراداروں کورونا سے بچاؤ کیلئے کوششوں کی بھی تعریف کی۔

این سی اوسی کے مطابق وزیراعظم نے ویکسی نیشن کے لازمی عمل کی تکمیل کیلئے تمام فریقین کو بھرپور اقدامات کی ہدایت کی اور لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کی ریٹائرمنٹ پر انہیں این سی اوسی کا مومنٹو پیش کیا جبکہ ان کی انتھک کوششوں اورخدمات کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ این سی اوسی نے کورونا کیخلاف قوم کی جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔