ورلڈ کپ کوالیفائر، ویزا کی جارحانہ بیٹنگ، نمیبیا کو ہالینڈ پر فتح دلا دی

October 21, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے رائونڈ میں نمیبیا نے ہالینڈ کو چھ وکٹ سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کی۔ ابوظبی میں کوالیفائر میچ میں نمیبیا نے 165رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ یہ اس کی ورلڈ کپ میں پہلی فتح ہے۔ ڈیوڈ ویزا نے 40 گیندوں پر 4چوکوں اور 5چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 66 رنز کی اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ بدھ کونمیبیا نے ٹاس جیت کرفیلڈنگ کی ۔ میکس او ڈاؤڈ کے 70، کولن ایکرمین کے 35اور اسکاٹ ایڈورڈ کے 21رنز کی بدولت ہالینڈ نے 4وکٹ پر 164رنز بنائے۔ جان فرائیلنک نے 2اورڈیوڈ ویزا نے1وکٹ حاصل کی۔ جواب میں تجربہ کار ڈیوڈ ویزا نے نمیبیا کو یادگار فتح دلادی، انہوں نے32 رنز بنانے والے کپتان جرہارڈ ایرسمس کے ساتھ 93 اور پھر جے جے سمٹ کے ساتھ 21 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ اسٹیفن بارڈ 19، زین گرین 15 اور کریگ ولیمز 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قبل ازیں منگل کو اسکاٹ لینڈ نے پاپوا نیوگنی کوہراکر اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرلی۔ بنگلہ دیش نے میزبان عمان کو26رنز سےزیر کیا۔