تحریک عدم اعتماد کا شوشہ جلد جھاگ کی طرح بیٹھ جائیگا،بی اے پی

October 21, 2021

کوئٹہ (آن لائن )حکومت وزیراعلیٰ جام کمال عالیانی اوروزیرداخلہ میرضیااللہ لانگوکی قیادت میں متحدومضبوط ہوگی ،تحریک عدم اعتماد کا شوشہ جلد جھاگ کی طرح بیٹھ جائے گا، کیونکہ یہ پی ڈی ایم کا شوشہ ہے بلوچستان عوامی پارٹی کوتوڑنے کی سازشیں اورحکومت کے خلاف ناکام سیاسی قوتوں کی چالیں دم توڑ دیں گی۔ ان خیالات کااظہار بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئرہنما میر منظور لانگو، جنرل سیکرٹری عنایت اللہ بابر،پروٹوکول آفیسر انجنیئر ریاض لانگو،چیئرمین بابوجمعہ خان نیچاری ، چیئرمین ذوالفقارعلی نیچاری،محمدعلی لانگو،ترجمان مقبول نیچاری،سعیدلانگو،قاری عبدالباسط لانگو ودیگر نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ جام کمال خان عالیانی اوروزیرداخلہ میرضیااللہ لانگو کی قیادت میں بلوچستان حکومت ایک مثالی حکومت ہے جس کی پورے صوبے میں بلاتفریق فنڈزاورترقیاتی اقدامات کی فراہمی اس کی واضح مثال ہے۔تحریک عدم اعتماد کے نام پر ان ترقیاتی اقدامات اوربہترین صوبائی حکومت کے خلاف پی ڈی ایم نامی نام نہاد مستردٹولے کی ایک سازش کے سوا کچھ نہیں ہے اورجلد وہ فلاپ ہوگی اورتحریک عدم اعتماد ،تحریک اعتمادمیں بدل جائے گی۔ عوام افواہوں اورغلط تاثرات پرکان نہیں دھریں۔