ن لیگ کے دور میں 3ماہ میں 4 بار پٹرول کی قیمت بڑھی، عندلیب عباس

October 22, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی کی رہنما عندلیب عباس نے کہا ہے کہ ن لیگ کے زمانے میں تین ماہ میں چار دفعہ پٹرول کی قیمت بڑھی تھی، کورونا کے دوران پوری دنیا میں پٹرول کی قیمتوں اور مہنگائی میں اضافہ ہوا، عام آدمی کو معیشت اور بجٹ کی ہم سے زیادہ سمجھ ہے، ان کے پاس کوئی ایشو نہیں رہا تو گھر کی خواتین پر اٹیک شروع کردیا۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہی تھیں۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا اور پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر بھی شریک تھے۔محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ شہباز گل منتخب نمائندے نہیں ان کی باتوں کا جواب نہیں دوں گا، سمجھ نہیں آتا شہبازگل عمران خان کے ترجمان ہیں یا ان کی اہلیہ کے ترجمان ہیں، عمران خان کی اہلیہ فرسٹ لیڈی بننے کے بعد سیاسی شخصیت ہیں۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ بجلی میں 4روپے فی یونٹ اضافے کی تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں، پٹرول میں30روپے فی لیٹر مزید اضافہ ہونے والا ہے، سیاست ایشوز پر ہونی چاہئے ایک دوسرے کے گھر ہماری دسترس سے محفو ظ رہنے چاہئیں۔پی ٹی آئی کی رہنما عندلیب عباس نےکہا کہ ن لیگ کے زمانے میں تین ماہ میں چار دفعہ پٹرول کی قیمت بڑھی تھی، کورونا کے دوران پوری دنیا میں پٹرول کی قیمتوں اور مہنگائی میں اضافہ ہوا، ہم پٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس کم کر کے پانچ روپے تک لائے، ہماری چینی، مرچیں، دالیں سب امپورٹ ہورہی ہیں، ہم نے کسانوں کو گیارہ سو ارب دیئے ہیں اب فصلیں بڑھنا شروع ہوئی ہیں، ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ پاکستان کی کورونا مینجمنٹ بہترین رہی ہے۔ عندلیب عباس کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے مصنوعی طور پر ڈالر کو نیچے رکھا جس سے معیشت کا بیڑہ غرق ہوگیا،ہم نے 34ارب ڈالرز قرض لیے جس میں پچھلے قرضوں کے 30ارب ڈالرز واپس کیے، ہمیں مہنگائی کا اندازہ نہ ہوتا تو ہر روز اس پر حکمت عملی نہ بنائی جاتی، عام آدمی کو معیشت اور بجٹ کی ہم سے زیادہ سمجھ ہے۔